پاکستان فرنیچر کونسل کی سہ روزہ پاکستان انٹیریئر ایگزبیشن میں شرکت کیلئے غیر ملکی اور مقامی کمپنیوں کی طرف سے زبردست پذیرائی

آٹھویں سہ روزہ نمائش 7 جولائی سے ایکسپوسنٹر کراچی میں شروع ہو گی، چین، اٹلی، سنگا پور، امریکہ، آسٹریلیا، جاپان، فلپائن، برطانیہ، بلغاریہ، ڈنمارک، نیپال، سری لنکا، انڈونیشیا اور ویتنام سے لوگ نمائش میں شرکت کریں گے جدید اور روایتی گھریلو اور آفس فرنیچر کی وسیع رینج نمائش کیلئے پیش کی جائے گی جس میں ڈائننگ، بیڈ روم، ڈرائنگ روم، آفس، بچوں، آئوٹ ڈور فرنیچر، فٹنگز اور ہارڈ ویئر بھی شامل ہے، میاں کاشف اشفاق چیف ایگزیکٹو پاکستان فرنیچر کونسل

اتوار 11 جون 2017 16:00

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2017ء) پاکستان فرنیچر کونسل کی سہ روزہ پاکستان انٹیریئر ایگزبیشن میں شرکت کیلئے غیر ملکی اور مقامی کمپنیوں کی طرف سے بہت زیادہ پذیرائی حاصل ہوئی ہے، یہ آٹھویں سہ روزہ نمائش 7 جولائی سے ایکسپوسنٹر کراچی میں شروع ہو گی۔ پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے اس حوالے سے اتوار کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ نمائش میںجدید اور روایتی گھریلو اور آفس فرنیچر کی وسیع رینج نمائش کیلئے پیش کی جائے گی جس میں ڈائننگ، بیڈ روم، ڈرائنگ روم، آفس، بچوں، آئوٹ ڈور فرنیچر، فٹنگز اور ہارڈ ویئر بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ نمائش کنندگان کو نئے خریداروں سے روابط، مارکیٹ میں وسعت اور نیٹ ورکنگ کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔

(جاری ہے)

نمائش میں شرکت کرنے والے ینگ ڈیزائنرز اور آرکیٹیکٹس کو نئے رجحانات سے آگاہی، بڑے پروفیشنلز سے ملاقات اور اپنے کام کی نمائش کا بہترین موقع میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فرنیچر کونسل کا مشن لوگوں کو فرنیچر کے جدید تقاضوں سے آگاہی اور مارکیٹ انفارمیشن فراہم کرنا ہے۔

اس مرتبہ پی ایف سی اپنا دائرہ مزید وسیع کر رہی ہے اور چین، اٹلی، سنگا پور، امریکہ، آسٹریلیا، جاپان، فلپائن، برطانیہ، بلغاریہ، ڈنمارک، نیپال، سری لنکا، انڈونیشیا اور ویتنام سے بھی لوگ نمائش میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فرنیچر کونسل دیگر ممالک میں پاکستانی فرنیچر کی پذیرائی کیلئے کوششوں کو بھی جاری رکھے ہوئے ہے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستانی فرنیچر ڈیزائنرز اور مینوفیکچررز کو متعارف کرانے کیلئے پر عزم ہے۔

پاکستان فرنیچر کونسل کے جنرل مینجر حامد محمود نے کہا کہ پاکستان فرنیچر کی مارکیٹ کے حوالے سے عالمی سطح پر معروف نہیں ہے اور اس نمائش سے بین الاقوامی بزنس کمیونٹی کو پاکستانی مصنوعات کی جدت اور معیار کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ کاروباری اداروں کی فرنیچر انڈسٹری میں سرمایہ کاری اور قابل بھروسہ فرنیچر ٹریڈ مارکیٹس کی حوصلہ افزائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روائتی اور جدید فرنیچر کے بارے میں آگاہی کے فروغ کیلئے یورپی یونین کے ممبر ممالک میں نمائشوں کے اہتمام کی اشد ضرورت ہے۔