رمضان المبارک کے مہینے میں کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک اور شرمناک ہی` انسانی اقدار کوپامال کرنے والی بھارتی فوج نے درندگی کی انتہاء کردی ہے

مسلم کانفرنس ضلع مظفرآباد کے صدر اور سابق وزیر حکومت پیر سید غلام مرتضی گیلانی کی بات چیت

اتوار 11 جون 2017 15:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2017ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس ضلع مظفرآباد کے صدر اور سابق وزیر حکومت پیر سید غلام مرتضی گیلانی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مہینے میں کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک اور شرمناک ہے۔ انسانی اقدار کوپامال کرنے والی بھارتی فوج نے درندگی کی انتہاء کردی ہے۔

بھارتی وزیراعظم بین الاقوامی دہشتگردی کے مرتکب ہورہے ہیںجنہوںنے قبل ازیں بھی مسلمانو ں کو ظلم کی بھینٹ چڑھایا۔ انھوںنے کہا آزادکشمیرکی حکومت بھارتی فائرنگ سے زخمی اور شہید ہونے والوں اور جن کی املاک کو نقصان پہنچاہے ، کی مدد کے لیے فوری اقدامات کرے ۔انھوںنے کہا خطے میں انصاف کی بالادستی کو یقینی بنایاجائے، ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی مدد کی جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔۔انھوںنے کہا مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو اسلحہ کے زور پرغلام بنانے کاہتھکنڈہ اب زیادہ دیر تک نہیں چلے گا۔ انھوںنے کہا آزادحکومت بھارتی فائرنگ سے متاثرہونے والوں کی داد رسی کے لیے فوری اقدامات کرے۔ کشمیرکے مسلمانوں کے خون کے ساتھ کھیلی جانے والی ہولی کاسلسلہ بندکرایاجائے۔

اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو آزادی دی جائے۔انھوںنے کہا مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سو ز مظالم پر انسانیت شرماجاتی ہے ، عالمی حقوق کے چمپئن کشمیرکے مسلمانوں کو دیکھ کر انکی بھی داد رسی کریں اور ظالم بھارتی حکمرانوں کا ہاتھ روکیں۔ پیر سید غلام مرتضی گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت بجٹ میں کنٹرول لائن کے قریب بسنے والے لوگوں کے لیے خصوصی ریلیف پیکج کا اعلان کرے اس کے علاوہ مہاجرین جموں وکشمیر کے گزارہ الائونس میں اضافہ کیا جائے اور ان کو چھ فیصد کوٹہ دیا جائے۔

مہاجرین جموں وکشمیر ہمارے جسم کا حصہ ہیں انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے اپنا گھر بار چھوڑا ہے۔حکومت آزاد کشمیر ان کے مسائل پر خصوصی توجہ دے۔مسلم کانفرنس مہاجرین کے مسائل پر ان کا بھرپور ساتھ دیگی۔