عوام الیکشن 2018ء میں کارکردگی،دیانت اورشفافیت کی سیاست کوکامیاب کرائینگے‘پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر

پاکستان بدل رہا ہے بدقسمتی سے بعض سیاستدانوں کی سوچ نہیں بدلی،نیا پاکستان بنانے کے دعویدارپرانے پاکستان کا بھی بیڑا غرق کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘لیگی رہنما

اتوار 11 جون 2017 14:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر ورکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیرنے کہا ہے کہ اب پاکستان میں الزام تراشی کی نہیں، صرف خدمت کی سیاست ہوگی اورعوام آئندہ الیکشن 2018ء میں بھی کارکردگی،دیانت،محنت اورشفافیت کی سیاست کوکامیاب کرائیں گے ،پاکستان بدل رہا ہے لیکن بدقسمتی سے بعض سیاستدانوں کی سوچ نہیں بدلی اورنیا پاکستان بنانے کے دعویدارپرانے پاکستان کا بھی بیڑا غرق کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن عوام اب ان شکست خوردہ عناصر کے جھانسے میں نہیں آئیں گے، دور آمریت میںپنجاب کے سابق حکمرانوں نے منصوبوں کے نام پر کرپشن کے قبرستان بنائے اور عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے قومی وسائل کی لوٹ مار کرکے ان کے مسائل میں مزید اضافہ کیا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے مرکزی دفترمیں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر رکن اسمبلی رمضان صدیق بھٹی،سید توصیف شاہ،ڈاکٹر اسد اشرف،عامر خان،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار ،ڈسٹرکٹ ممبرز سمیرا امجد،سمرہ نذیر،جاوید اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ ایک خطہ اور ایک وژن کا عکاس ہے،اس سے علاقے میں امن و سلامتی آئے گی،ترقی کے نئے مواقع اور نئی راہیں نکلیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سچی اور کھری سیاست نے جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست کو ہر موقع پر شکست دی ہے،اور قوم کو تقسیم کرنے والے شکست خوردہ عناصر خود تقسیم ہو گئے ہیں عوام جانتے ہیں کہ انتشار اور افراتفری کی سیاست کون کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ منفی سیاست کرنے اور ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کو پے در پے شکستوں سے سبق حاصل کرنا چاہیے،الزام تراشی کی سیاست کی خدمت اور شفافیت کے سامنے کوئی حیثیت نہیں۔