پاناما کیس جے آئی ٹی نون لیگ کا الیکشن سیل ہے، طاہر القادری،اس کے ذریعے ن لیگ کا آئندہ عام انتخابات کا نعرہ اور منشور تیار کیا جارہا ہے،انقلاب آئے گا ، تبدیلی آئے گی اور ملک کا مقدر بدلے گا، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کی پاکستان پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 11 جون 2017 12:06

پاناما کیس جے آئی ٹی نون لیگ کا الیکشن سیل ہے، طاہر القادری،اس کے ذریعے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11جون۔2017ء) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے پاناما لیکس پر بنائی گئی جے آئی ٹی کو نون لیگ کا الیکشن سیل قرار دیدیا ، ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی ن لیگ کا آئندہ الیکشن منشور تیار کر رہا ہے ، تصویر لیکس ڈرامہ ہے ، انقلاب آئے گا تبدیلی آئے گی اور ملک کا مقدر بدلے گا ۔ طاہر القادری کے کئی ماہ بعد لاہور پہنچنے پر ائیرپورٹ پر کارکنوں کی بڑی تعداد نے استقبال کیا ۔

میڈیا سے گفتگو میں پاناما پر بنائی گئی جے آئی ٹی کو آڑے لیا اور کہا جے آئی ٹی نون لیگ کا الیکشن سیل ہے اس سے کوئی توقع نہیں ۔ تصویر لیکس سے متعلق سوال پر طاہر القادری نے کہا یہ ایک ڈرامہ ہے اور ایک فلم کے پلاٹ سے کم نہیں ۔ طاہر القادری نے کہا انقلاب آئے گا ، تبدیلی آئے گی اور ملک کا مقدر بدلے گا ، اس ملک کے الیکشن کو الیکشن نہیں سمجھتے یہ سب فراڈ ہے ۔

(جاری ہے)

سربراہ عوامی تحریک نے کہا قصاص پر خاموش نہیں رہیں گے ، حوصلہ ہارنے والے نہیں مرتے دم تک جنگ لڑتے رہیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ تخت لاہور کے خلاف سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگاتاہم عمران خان سے متعلق سوال پر طاہر القادری نے جواب دینے سے گریز کیا ۔طاہرالقادری کا کہناتھا کہ پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی سے خیر کی توقع نہیں، اس کے ذریعے ن لیگ کا آئندہ عام انتخابات کا نعرہ اور منشور تیار کیا جارہا ہے۔

عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ گونواز گو کا نعرہ ملکی سالمیت کی علامت ہے، قوم کو سنگل پوائنٹ ایجنڈے پر جمع کرنے کی ضرورت ہے ۔طاہرالقادری نے ایک باہر پھر سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے ملزموں کو سزا دینے اور جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ بھی کیا۔اس کے بعد عوامی تحریک کے سربراہ کو ایئرپورٹ سےجلوس کی شکل میں ماڈل ٹاؤن میں واقع ان کی رہائش گاہ تک لے جایا گیا۔