ڈپٹی کمشنرکا ڈی پی او کے ہمراہ پھلوں و سبزیوں کی نیلامی کے عمل کا معائنہ

ہفتہ 10 جون 2017 22:55

رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2017ء) ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سقراط امان رانا نے ڈی پی او ذیشان اصغر کے ہمراہ پھل و سبزیوں کی نیلامی کے عمل کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ قیمتوں میں بے جا اضافہ ہر گز نہ ہونے دیا جائے اور سبزی و پھل کی سپلائی چین پر کڑی نظر رکھی جائے۔ ڈپٹی کمشنر سقراط رامان رانا نے رمضان بازار کوٹسمابہ کو دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں کے ذریعے عوام کو مہنگائی سے بڑی ھد تک ریلیف مل رہا ہے اور صارفین کو رمضان بازار سے آٹا ، چینی، پھل ، سبزیاں، گھی ، دالیں اور دیگر اشیاء خورد ونوش عام بازار سے سستی دستیاب ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنر ز اپنی تحصیلوں میں قائم رمضان بازاروں میں اعلیٰ معیار کی اشیاء ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائیں اور رمضان بازاروں کے علاوہ عام مارکیٹ میں جہاں پر بھی گراں فروشی کی شکایت ملے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ بلاامتیاز کاروائی کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے رمضان بازاروں اور اطراف میں صفائی کابہترین معیارہمہ وقت برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر انہوں نے صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ضلع کی عام مارکیٹوں میں سستے آٹا کی سپلائی میں مزید اضافہ کیا گیا ہے اور اب سستے آٹے کا10کلو گرام وزنی سبز رنگ کا تھیلہ250روپے قیمت میں ضلع کی ہر دکان پر دستیاب ہو گا۔