ڈپٹی کمشنر نے باقص کارکردگی پر 12پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹسزجاری کر دئیے

ہفتہ 10 جون 2017 22:55

ڈی جی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2017ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ا نتہائی ناقص کارکردگی کے حامل 12مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹسز دینے کے احکامات جاری کر دیئے‘ کارکردگی بہتر نہ ہونے پر ان کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کر دی جائیں گی‘حکومت نے عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی سرکاری نرخوں پریقینی بنانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد 33سے بڑھا کر 37کر دی ہے اور آئندہ روزانہ کی بنیاد پر ہر مجسٹریٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس بات کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس میں کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ مجسٹریٹس احترام رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائیں‘ ہوٹلز اور دیگر مراکز سربمہر کر دیئے جائیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مارکیٹوں کے معائنہ کے دوران ذخیرہ ا ندوزوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے ۔

اجلاس کو بتایاگیا کہ یکم سے 14رمضان تک 32مجسٹریٹس نے گرانفروشی پر 173 افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی گئیںگرانفروشوں کو پانچ لاکھ 19ہزار 400روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔ اجلاس میں ا یڈیشنل ڈپٹی کمشنر ز میاں محمد اقبال مظہر ، عبدالشکو ر، اسسٹنٹ کمشنرز خالد محمودگوپانگ ، عبدالجبار ، عبدالغفار سمیت دیگر مجسٹریٹس موجود تھے۔