ضلع بھر کے ہسپتالوں میں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہیلپ لائن کاآغاز کردیاگیا

ہفتہ 10 جون 2017 22:55

ڈی جی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2017ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان نے ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان سمیت ضلع بھر کی ہسپتالوں میں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ، ڈاکٹرز کی حاضری یقینی بنانے اور عوام کی جائز شکایات کے ازالہ کیلئے ہیلپ لائن کا آغاز کردیاہے جس کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی کمشنر نے اپنے آفس میں کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ہیلپ لائن ہفتہ کے ساتوں روز 24گھنٹے کام کرے گی ․ شکایات کے اندراج کا ریکارڈ مرتب کرنے کے ساتھ متعلقہ ایم ایس ، انچارج بی ایچ یو ، آر ایچ سی کو منتقل کی جائے گی اورشکایت کنندہ سے فیڈ بیک بھی لیا جائے گا․ داد رسی نہ ہونے پر متعلقہ ڈاکٹرز اور عملہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ․ ہیلپ لائن 15منٹ کے اندر شکایت کنندہ سے تصدیق بھی کرے گی ․ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہیلپ لائن کیمپ آفس میں کام کرے گی اس سلسلے میں ٹیچنگ ہسپتال ، تحصیل صدر ہسپتال ، دیہی و بنیادی مراکز صحت میں طبی سہولیات کے فقدان ، ڈاکٹرز اور عملہ کی غیر حاضری ، ڈاکٹرز اور سٹاف کا غیر مناسب رویہ ، ادویات او ردیگر ٹیسٹ کی سہولیات کی عدم فراہمی سمیت دیگر جائز شکایات کے ازالہ کیلئے ہیلپ لائن نمبر 0333-3076161اور 064-9260667 پر رابطہ کیاجاسکتا ہے ․ ڈپٹی کمشنر نے تنبیہہ کی کہ غلط شکایات درج کرانے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے ۔