ڈپٹی کمشنر کاٹیچنگ ہسپتال کا اچانک معائنہ،ناقص صفائی پراظہار برہمی

ہفتہ 10 جون 2017 22:52

ڈی جی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2017ء)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان اللہ رکھا انجم نیہفتہ کو ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان کا اچانک معائنہ کیا‘ ٹراما سنٹر اور ایمرجنسی وارڈ میں ناقص صفائی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان ڈور صفائی پر مامور سٹاف کا ڈیوٹی روسٹر طلب کرتے ہوئے ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری یقینی بنانے ، ٹھیکیدار کو بھاری جرمانہ کرنے کے احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

وارڈز میں خراب بستر کی چادریں فوری طو رپر تبدیل کرنے ، واش رومز میں لیکیوڈ سوپ ، ٹشو پیپر اور دیگر سامان رکھنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ کے مریضوں کو آپریشن کے بعد لگایا جانے والا انجکشن تجویز کرنے کے معاملے پر تحقیقات کرتے ہوئے ڈاکٹرجمیل قیصرانی کے خلاف کارروائی کی بھی رپورٹ طلب کر لی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں اور وارڈز کابھی معائنہ کیا۔ انہوںنے ٹراما سنٹر میں داخل ڈپٹی کمشنرہاوس کے ٹیلیفون آپریٹر مشتاق حسین کی بھی عیادت کی۔ اس موقع پر ڈی ایم ایس ڈاکٹر تحسین ، ڈاکٹر قاسم سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔