ایدھی فاؤنڈیشن اشرافیہ کو نظر نہ آنے والے لوگوں کے لئے کام کر رہی ہے، قائم مقام صدر مملکت میاں رضاربانی کاسندھ اسمبلی میں ایدھی فاؤنڈیشن کو ایمبولینس دینے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 10 جون 2017 22:10

ایدھی فاؤنڈیشن اشرافیہ کو نظر نہ آنے والے لوگوں کے لئے کام کر رہی ہے، ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2017ء) قائم مقام صدر مملکت میاں رضا ربانی نے ایدھی فاؤنڈیشن کے فلاحی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن اشرفیہ کو نظر نہ آنے والے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو سندھ اسمبلی میں ایدھی فاؤنڈیشن کو سینیٹ کی جانب سے 3 ایمبولینس گاڑیاں دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی ،سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو ،ایدھی فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی فیصل ایدھی اور دیگر بھی موجود تھے ۔فیصل ایدھی نے قائم مقام صدر رضا ربانی اور سابق وزیر اعلی قائم علی شاہ اور دیگر کو مرحوم عبد الستار ایدھی کا یاد گاری سکہ پیش کیا ۔

(جاری ہے)

میاں رضاربانی نے کہا کہ سینیٹ کی جانب سے ایدھی فائونڈیشن کو 3 ایمولینس گاڑیاں دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ایدھی ٹرسٹ ان لوگوں کے لئے کام کر رہا ہے جو اشرافیہ کو نظر نہیں آتے۔ انہوںنے کہا کہ اسلامی ملکوں سازش کے تحت اختلافات میں الجھایا جا رہا ہے، مسلم ممالک میں غربت اور ناخواندگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، قطر اور دیگر اسلامی ممالک کو بات چیت کے ذریعہ اپنے مسائل حل کرنے ہوں گے، پاکستان مسلم امہ میں اہمیت رکھتا ہے ۔

اس کو چاہیے کہ وہ اس معاملے میں فریق نہ بنے بلکہ امہ کے درمیان اختلافات دور کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ پاکستانی پارلیمنٹ نے قراردادکے ذریعے ایرانی پارلیمنٹ پر حملے کی مذمت کی ہے۔ پاکستان کی پارلیمنٹ ایران کی پارلیمان کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس موقع پر فیصل ایدھی نے چیئرمین سینیٹ اور دیگر سینیٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کی جانب سے دی جانے والی ایمبولینس گاڑیوں کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچے گا، ارکان پارلیمنٹ کو عوام کے مسائل کا ادراک ہے اور وہ اس کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔