محکمہ ریلوے شاہدرہ سے رائے ونڈ تک پٹری کے دونوں اطراف میں گرین بیلٹ ودیگر سہولتیں فراہم کرے گا‘خواجہ سعد رفیق

شہریوں کو گرین کوریڈور کی صورت میں بیٹھنے اوربچوں کو کھیلنے کی سہولتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں،گرین بیلٹ شاہدرہ سے رائے ونڈ اور رائے ونڈ سے شاہدرہ تک مجموعی طور 80 کلومیٹر طویل ہوگی‘وفاقی وزیر ریلوے

ہفتہ 10 جون 2017 21:15

محکمہ ریلوے شاہدرہ سے رائے ونڈ تک پٹری کے دونوں اطراف میں گرین بیلٹ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2017ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز حکومت پنجا ب کے تعاون سے شاہدرہ سے رائے ونڈ تک چالیس کلومیٹر طویل پٹری کے دونوں اطراف میں گرین بیلٹ بناتے ہوئے اپنے شہریوں کو پلے ایریاز، جوگنگ ٹریک، کیفے ٹیریا، جم، سائیکلنگ ٹریک اور بیٹھنے کی خوبصورت جگہوں سمیت دیگر سہولتیں فراہم کرے گا۔

انہوں نے یہ بات ایک بریفنگ کے دوران کہی جو انہیں پاکستان ریلویز کے شاہدرہ سے رائے ونڈ تک گرین کوریڈور پراجیکٹ کے حوالے سے دی گئی۔ اس موقع پر نیسپاک سمیت مختلف اداروں کی طرف سے پلے ایریاز کے تجویز کیے گئے مختلف ڈیزائنوں پر بھی غور کیا گیا۔ خواجہ سعد فیق نے کہا کہ گرین کوریڈور جدت اور سادگی کا بہترین کمبی نیشن ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈی جی پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ پلے ایریاز میں بچوں کے لئے جھولے اور سلائیڈز بہترین معیار کے ہونے چاہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم اپنے شہریوں کو گرین کوریڈور کی صورت میں بیٹھنے اوربچوں کو کھیلنے کی سہولتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں۔وزیر ریلویز نے کہا کہ یہ پلے ایریاز 33 مختلف مقامات پر بنائے جائیں گے اور یہ گرین بیلٹ شاہدرہ سے رائے ونڈ اور رائے ونڈ سے شاہدرہ تک مجموعی طور 80 کلومیٹر طویل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد پراجیکٹ ہوگااور ہم چاہیں گے کہ ایسے منصوبے دوسرے بڑے شہروں میں بھی بنائے جائیں۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمدجاوید انور، ممبرفنانس غلام مصطفی، ڈی ایس لاہور سفیان سرفراز ڈوگر، ڈی جی پی ایچ اے اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔