انگلش فٹبال ٹیم کے کپتان جان ٹیری بھی پاکستان آنے کیلئے تیار

رونالڈینیو اور دیگر بین الاقوامی فٹبالرز کے ہمراہ کراچی آئیں گے جہاں وہ دوستانہ میچ میں شرکت بھی کریں گے

ہفتہ 10 جون 2017 20:15

انگلش فٹبال ٹیم کے کپتان  جان ٹیری بھی پاکستان آنے کیلئے تیار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2017ء) انگلش فٹبال ٹیم کے سابق کپتان جان ٹیری نے آئندہ ماہ جولائی میں بین الاقوامی فٹبالرز پر مشتمل ٹیم کے ساتھ دوستانہ میچ میں شرکت کی غرض سے پاکستان آنے کے لیے رضامندی ظاہر کردی۔پاکستان میں دوستانہ میچ کی منتظم کمپنی لیژرز لیگ نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ انگلش پریمیئر لیگ کے مشہور زمانہ کلب چیلسی سے تعلق رکھنے والے سینٹر بیک کھلاڑی جان ٹیری آئندہ ماہ جولائی میں پاکستان کا دورہ کرنے والے رونالڈینیو اور دیگر بین الاقوامی فٹبالرز کے ہمراہ کراچی آئیں گے جہاں وہ دوستانہ میچ میں شرکت بھی کریں گے۔

انگلش ڈیفینڈر جان ٹیری نے بین الاقوامی انگلش ٹیم کی قیادت کے فرائض سر انجام دینے کے علاوہ لیگ فٹبال میں چیلسی کی بھی قیادت کی، تاہم بعدازاں انہوں نے گزشتہ ماہ ہی سیزن کے اختتام پر چیلسی کو خیر باد کہ دیا۔

(جاری ہے)

رواں سال کے آغاز میں پاکستان کے ورلڈ گروپ نے برطانیہ میں قائم لیژرز لیگ کی قیادت حاصل کی ہے جو چھوٹے پیمانے پر دنیا بھر میں فٹبال کے مقابلے منعقد کروانے والا ادارہ ہے۔

اس نمائشی میچ میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے فٹبالرز میں برازیلین کھلاڑی اور ورلڈ کلاس اسٹرائیکر روبرٹ و کارلوس، سابق فرانسیسی کھلاڑی و اسٹرائیکر نکولس انیلکا، سابق فرانسیسی فٹبالر روبرٹ پائرس، سابق انگلش گول کیپر ڈیوڈ جیمز، سابق پرتگالی کھلاڑی لوئس با مورتے اور سابق جرمن مڈ فیلڈر جارج باتینگ شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :