رمضان میں سحرو افطار میں ظالمانہ لوڈشیڈنگ اور کمر توڑ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ،حکومت بجلی بحران پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، موجودہ حالات میں عوام کانام نہاد جمہوری نظام سے اعتماد اٹھ چکا ہے

امیر جماعت اسلامی پشاور صابرحسین اعوان

ہفتہ 10 جون 2017 19:49

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جون2017ء) امیر جماعت اسلامی پشاور وسابق ممبرقومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں سحرو افطار کے اوقات میں ظالمانہ لوڈشیڈنگ اور کمر توڑ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے حکومت بجلی کے بحران پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔بڑھتی ہوئی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ سے کاروبار تباہ اور عام آدمی دو وقت کی روٹی کے لئے ترس ر ہا ہے،موجودہ حالات میں عوام کانام نہاد جمہوری نظام سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔

ملکی سلامتی کا سودا کرنے اور ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دینے والے حکمرانوں سے خیر کی توقع نہیں ہے،نااہل،کرپٹ اور اقتدار کے حریص حکمرانوں سے نجات حاصل کیے بغیر ملک و قوم کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہفتہ کو افطارڈنرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہر طبقہ بشمول مزدورطبقہ کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبورہے کئی کئی گھنٹوں کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ نے تمام کاروبار ٹھپ کردیئے ہیں،دیہاڑی دار مزدور کا کوئی پرسان حال نہیں ہے،جماعت اسلامی قوم کو مسائل کے دلد ل سے نکالے گی اور ملک و قوم کو ترقی کے راہ پر گامزن کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مظلوم عوام کو ظالم خاندانی ، جاگیرداراور سرمایہ دار نظام کے خلاف متحد کر کے اسلامی انقلاب لائے گی جس کے لیے ہمیں دن رات محنت و لگن سے کام کرنا ہوگااور جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان بنانے کے لیے دن رات محنت کررہی ہیں۔