وزیرخزانہ کے زیر صدارت اجلاس میں مالی سال 2017-18کے بجٹ پر قومی اسمبلی میں دی گئی ارکان پارلیمنٹ کی مختلف تجاویز کا جائزہ

تمام سفارشات کا جائزہ لیا جارہاہے، فیصلہ میرٹ پر کیا جائے گا ، حکومت جمہوری روایات پر چلتے ہوئے ارکان پارلیمنٹ کی زیادہ سے زیادہ سفارشات بجٹ میںشامل کرتی ہے، بجٹ میں عام آدمی کی فلاح وبہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے ، بجٹ میں اٹھائے گئے اقدامات سے عوام کی خوشحالی میں اضافہ ہوگا ،پاکستان کو بلند ، پائیدار اقتصادی ترقی حاصل ہو اسحاق ڈار کا اجلاس سے خطاب اوروزیر آبپاشی خیبرپختونخوا سکندر حیات شیرپائو سے گفتگو

ہفتہ 10 جون 2017 18:58

وزیرخزانہ  کے زیر صدارت اجلاس میں مالی سال 2017-18کے بجٹ پر قومی اسمبلی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جون2017ء) وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی صدارت میں اجلاس میں مالی سال 2017-18کے بجٹ پر قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے دی گئی مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا،وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاہے کہ تمام سفارشات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ان کا فیصلہ میرٹ پر کیا جائے گا ، حکومت جمہوری روایات پر چلتے ہوئے ارکان پارلیمنٹ کی زیادہ سے زیادہ سفارشات بجٹ میںشامل کرتی ہے، بجٹ میں عام آدمی کی فلاح وبہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے ، بجٹ میں اٹھائے گئے اقدامات سے عوام کی خوشحالی میں اضافہ ہوگا اور پاکستان کو بلند ، پائیدار اقتصادی ترقی حاصل ہوگی جبکہ وفاقی وزیرخزانہ نے خیبرپختونخوا حکومت کے آبپاشی کے وزیر سکندر حیات شیرپائو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صوبوں کے معاشی ترقی کے حوالے سے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتی ہے، موجودہ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ ملکر عوام کی فلاح کیلئے کام کرنے پر یقین رکھتی ہے ،حکومت خیبرپختونخوا کی معاشی ترقی کے منصوبوں کیلئے مکمل تعاون کرے گی۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی صدارت میں وزارت خزانہ میں مالی سال 2017-18کے بجٹ کے حوالے سے ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے دی گئی مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان ،سیکرٹری خزانہ طارق باجوہ ،سیکرٹری اکنامک افیئرز ڈویژن ،وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر اور سیکرٹری خزانہ طارق باجوہ نے وزیرخزانہ کو ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے بجٹ کے حوالے سے گزشتہ دو ہفتے کے دوران بجٹ اجلاس میں دی گئی سفارشات کے حوالے سے آگاہ کیا۔انہوں نے وزیرخزانہ کو یقین دلایا کہ سفارشات پر سنجیدگی سے اور مکمل طور پر غور کیا گیا ۔وزیرخزانہ نے کہا کہ تمام سفارشات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ان کا فیصلہ میرٹ اور عملیت کی بنیاد پر کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چارسال کی طرحمسلم لیگ (ن) کی حکومت جمہوری روایات پر چلتے ہوئے ارکان پارلیمنٹ کی زیادہ سے زیادہ سفارشات پر عمل درآمد کی کوشش کرتی ہے ۔انہوں نے کہا بجٹ میں عام آدمی کی فلاح وبہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے ،معیشت کے تمام شعبوں کو حتمی بجٹ میں مکمل حصہ دیاگیاہے۔ وزیرخزانہ نے وزارت خزانہ اور ایف بی آرکی ٹیموں کو بجٹ کے حوالے سے محنت سے کام کرنے پر تعریف کی ۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ بجٹ میں اٹھائے گئے اقدامات سے عوام کی خوشحالی میں اضافہ ہوگا اور پاکستان کو بلند ، پائیدار اور کلی اقتصادی ترقی حاصل ہوگی ۔ دریں اثناء خیبرپختونخوا حکومت کے آبپاشی کے وزیر سکندر حیات شیرپائو نے وفاقی وزیرخزانہ سے ملاقات کی ۔انہوں نے خیبرپختونخوا کے آبپاشی کے حوالے سے منصوبوں بشمول پہورکینال توسیع منصوبے کی فنانسنگ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت صوبوں کے معاشی ترقی کے حوالے سے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتی ہے ۔ موجودہ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ ملکر عوام کی فلاح کیلئے کام کرنے پر یقین رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا ملک کے عوام بشمول خیبرپختونخوا مکمل سہولتیں فراہم کررہی ہے ۔انہوں نے کہا حکومت خیبرپختونخوا کی معاشی ترقی کے منصوبوں کیلئے مکمل تعاون کرے گی ۔ (وخ)