ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ کی مختلف ٹیموں کے حویلیاں اور ہری پور کے نجی سکولوں پر چھاپے،

گرمی کی تعطیلات کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد نہ کرنے والے سکولوں کو آخری وارننگ

ہفتہ 10 جون 2017 17:58

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2017ء) ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ کے سیکرٹری کی ہدایت پر بورڈ کی مختلف ٹیموں نے حویلیاں اور ہری پور کے نجی سکولوں پر چھاپے مارے، صوبائی حکومت کے موسم گرما کی چھٹیوں کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد نہ کرنے والے سکولوں کو آخری وارننگ دی گئی، احکامات نہ ماننے والے سکولوں پر 50 ہزار سے لیکر ایک لاکھ روپے تک کے جرمانے کا فیصلہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر شائستہ ارشاد خان کی ہدایت پر مختلف ٹیموں نے حویلیاں اور ہری پور کے نجی سکولوں پر چھاپے مارے، ان میں اسسٹنٹ سیکرٹری اکیڈمک سید عاطف شاہ نے حویلیاں جبکہ عالمزیب خان نے ہری پور کے سکولوں کو چیک کیا، کئی سکول ماہ رمضان اور شدید گرمی کے باوجود چھٹیوں میں بھی کھلے پائے گئے جن کو بورڈ حکام نے آخری وارننگ جاری کرتے ہوئے سکول بند کرنے کے احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا جو بھی سکول اب کھلا پایا گیا تو اس کے خلاف جرمانے کے ساتھ ساتھ بحیثیت ریگولیٹری اتھارٹی سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن پشاور کے چھٹیوں کے نوٹیفکیشن کے مطابق میدانی علاقوں میں پرائمری سکولوں کو موسم گرما کی چھٹیاں 27 مئی سے 31 اگست تک جو تین مہینے 5 دن بنتی ہیں جبکہ مڈل، ہائی اور ہائیر سکینڈری سکول 27 مئی سے 15 اگست تک اور پہاڑی علاقوں کے سکول یکم جولائی سے 31 جولائی تک بند رہیں گے اس لئے تمام ادارے اس نوٹیفکیشن پر عمل کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :