پیپلز پارٹی کی حکومت پانچ سال مرکزی حکومت / صدر آصف زرداری/ بلاول زرداری اورمحترمہ فریال تالپور کے اشاروں پر ناچتی رہی ،

آزاد کشمیر کے قومی خزانے کو بلاول زرداری کے اندرون و بیرون ممالک جلسوں پر استعمال کرتی رہی مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے چیئرمین تنظیمی بورڈ فدا حسین کیانی کی بات چیت

ہفتہ 10 جون 2017 15:46

پیپلز پارٹی کی حکومت پانچ سال مرکزی حکومت / صدر آصف زرداری/ بلاول زرداری ..
میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جون2017ء) پاکستان مسلم لیگ ’’ن‘‘آزاد جموں وکشمیر کے چیئرمین تنظیمی بورڈ اور سابق پولیٹیکل ایڈوائزر فدا حسین کیانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت پانچ سال مرکزی حکومت / صدر آصف زرداری/ بلاول زرداری اورمحترمہ فریال تالپور کے اشاروں پر ناچتی رہی ، آزاد کشمیر کے قومی خزانے کو بلاول زرداری کے اندرون و بیرون ممالک جلسوں پر استعمال کرتی رہی ، فریال تالپور کے ایک اشارے پر وزیر اعظم چوہدری مجید اور اُن کی پوری کابینہ کشمیریوں کے وقار اور تقدس کو روند کر کراچی زرداری ہائوس اور گڑی خد ابخش حاضری دیتی رہی ۔

پانچ سال چوہدی مجید کی حکومت نے آزاد کشمیر کو پیپلز پارٹی کی کالونی بنائے رکھا ، آج وزیر اعظم آزاد کشمیر رجہ محمد فاروق حیدر خان کی طرف سے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کے ساتھ اظہار یکجہتی پر اُن کے پیٹ میں کیوں مروڑ اٹھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر کے بیانات پر اپنے ردعمل میں ایک بیان میں فدا کیانی نے کہا کہ میاں نواز شریف کشمیریوں کے محسن ہیں جنہوں نے 22 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ خطے کو دیکر کشمیریوں کے ساتھ اپنی عملی محبت کا ثبوت فراہم کیا ہے اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت اور وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کو فری ہینڈ دیکر کشمیریوں کی عزت و وقار اور تقدس کو بحال کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت کو قائم ہوئے ایک سال کا عرصہ ہونے کو ہے کبھی بھی وزیر اعظم نواز شریف یا اُن کے کسی وزیر یا مشیر نے وزیر اعظم آزاد کشمیر اور اُن کے وزراء کو آدھے راستے سے حکم دیکر واپس اسلام آبا د طلب نہیں کیااور نہ ہی کبھی آزاد کشمیر کے حکومتی ، انتظامی معاملات میں مداخلت کی ہے جس طرح پیپلز پارٹی کے دور میں ہوتا تھا کہ وزیر اعظم چوہدری مجید ابھی مری کے قریب پہنچتے تھے تو انہیں فریال تالپور ، چوہدری ریاض اور رضوان قریشی کے حکم پر واپس زرداری ہائوس طلب کر لیا جاتا تھا ، غیر ریاستی عناصر کو عملاً آزاد کشمیر حکومت کی لگام دے رکھی تھی ، میرپور میں ایک پورے سیکٹر کی الاٹمنٹ اور لوٹ مار کا اختیار فیصل آباد کے غیر ریاستی مشیر کے پاس تھا، آزاد کشمیر کے سرکاری خزانے سے برطانیہ میں جا کر بلاول زرداری کے جلسے کرائے جاتے تھے اُس وقت چوہدری لطیف اکبر صاحب کو کشمیریوں کی عزت و وقار کا خیال کیوں نہیں آیا ۔

فدا کیانی نے کہا کہ اس سے زیادہ کشمیریوں کی اور کیا تذلیل ہو سکتی ہے جس کا عملی مظاہرہ پانچ سال پیپلز پارٹی کرتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اپنے پانچ سالوں کا جواب قوم کو دے کہ اُس نے اوراُس کی مرکزی حکو مت نے کشمیریوں کا کیا دفاع کیا ہے ۔ فدا کیانی نے کہا کہ مسلم لیگ’’ن‘‘ قائد اعظم ؒ کی وارث جماعت ہے اور میاں محمد نواز شریف کشمیری عوام کی امیدوں کا مرکزی ہیں ، فدا کیانی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے حکومت سنبھالنے کے بعد کشمیریوں کے حقوق کو بحال کرانے کے لئے مثبت اقدامات کئے ہیں ، خطے کے اندر بلا تخصیص تعمیر و ترقی ، میرٹ کی بحالی ، مالی ڈسپلن کے قیام اور گڈ گورنس کیلئے متعین کردہ ترجیحات پر تیزی سے کام ہو رہا ہے ۔

خطے کے عوام نے مسلم لیگ کی حکومت قائم ہونے کے بعد سکھ کا سانس لیا ہے ۔