وزیراعظم محمد نواز شریف کی روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے دوطرفہ ملاقات

پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ، فریقین کا تعلقات کو اگلے مرحلے تک لے جانے کے اپنے عزم کا اعادہ، دونوں رہنمائوں کا نارتھ سائوتھ گیس پائپ لائن کے منصوبے کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے پر بھی اتفاق ، وزیراعظم محمد نواز شریف کا پرامن ، مستحکم اور خوشحال افغانستان کیلئے پاکستانی عزم کا اعادہ

ہفتہ 10 جون 2017 13:34

وزیراعظم محمد نواز شریف کی روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے دوطرفہ ملاقات
آستانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے قزاخستان کے دارالحکومت آستانہ میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے دوطرفہ ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ان تعلقات کو اگلے مرحلے تک لے جانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنمائوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ روس اور پاکستان کے درمیان تعلقات فروغ پا رہے ہیں اور اعلیٰ سطح کے رابطوں اور سیاسی خیر سگالی نے ان تعلقات کو ایک اہم اور موثر اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کیلئے سٹیج فراہم کردیا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد ، مشترکہ مفادات اور اہم مسائل جیسے علاقائی سلامتی ، دہشتگردی کے خلاف جنگ ، انسداد منشیات اور بہتر اقتصادی تعاون جیسے امور پر بہتر ہم آہنگی و یکساں موقف پر مبنی ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک تعلیم اور ثقافتی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کیلئے کام کررہے ہیں۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے پاک روس بین الحکومتی کمیشن برائے تجارت ، اقتصادیات ، سائنسی و تکنیکی تعاون کے دسمبر میں ماسکو میں ہونے والے اجلاس کیلئے ٹھوس تجاویز مرتب کرنے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے یہ بات زور دے کر کہی کہ توانائی کے شعبے میں تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ برائے توانائی ایک مناسب طریقہ کار و فورم ہے جس کے ذریعے اس شعبے میں موجودہ تعاون کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

ملاقات میں پاکستان میں توانائی کے شعبے میں روسی کمپنیوں اور اداروں کی گہری دلچسپی کا بھی ذکر کیا گیا۔ روس اس وقت پاکستان میں ایل پی جی، ایئر مکس پلانٹس کی تنصیب اور جامشورو میں 600 میگاواٹ کے کمبائنڈ سائیکل پاور پلانٹ پر کام کررہا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے نارتھ سائوتھ گیس پائپ لائن کے منصوبے کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے سے بھی اتفاق کیا جس کیلئے دونوں ممالک نے اکتوبر 2015ء میں ایک سمجھوتے پر دستخط کئے تھے۔

فریقین نے حالیہ برسوں میں پاکستان اور روس کے درمیان دفاعی تعلقات کا جائزہ لیا۔ فریقین نے ’’ فرینڈ شپ 2016‘‘ کے کوڈ نام سے اپنی نوعیت کی پہلی پاک روس مشترکہ فوجی مشقوں کو دفاع اور انسداد دہشتگردی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کا ایک مظہر قرار دیا اور کہا کہ اس سے جنوبی اور وسطی ایشیا کے خطوں میں امن کے مقاصد کو فروغ ملے گا، فریقین نے کہا کہ دونوں ممالک نے اکتوبر 2014ء میں بحیرہ عرب میں مون سون اور دسمبر 2015ء میں مشترکہ انسداد منشیات مشقوں سے بھی استفادہ کیا ہے۔

ملاقات میں فریقین نے علاقائی مسائل اور پاکستان کے افغانستان اور بھارت کے ساتھ تعلقات پر توجہ دی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے پرامن ، مستحکم اور خوشحال افغانستان کیلئے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرامن ، مستحکم اور خوشحال افغانستان پاکستان کی اپنی ترقی اور استحکام کیلئے ضروری ہے۔ پاکستان افغانستان میں امن کیلئے کسی بھی امن اقدام کا خیر مقدم کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان اور بھارت کی بیک وقت مکمل رکنیت سے دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے امکانات بڑھ جائیں گے۔