گورو ارجن دیو جی کا شہیدی دن منانے کی تقریبات گوردوارہ سری پنجہ حسن ابدال میں جاری

جمعہ 9 جون 2017 23:39

حسن ابدال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2017ء) گورو ارجن دیو جی کا شہیدی دن منانے کی تقریبات گوردوارہ سری پنجہ حسن ابدال میں جاری ہیں جس میں بھارت سمیت دنیا بھر سے یاتری شرکت کر رہے ہیں۔سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات میں جاری تین روزہ تقریبات میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کی جائے گی۔بھارت سے تین سو سے زائد یاتریوں کو ویزہ جاری ہونے کے باوجود مذہبی تقریبات میں شرکت سے روک دیا گیا جس کے بعد صرف 14یاتری گوردوارہ سری پنجہ صاحب پہنچ سکے۔

تفصیلات کے مطابق سکھ مذہب کی روحانی شخصیت گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کی تین روزہ تقریبات جسے جوڑ میلہ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں جاری ہیں۔تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سمیت دنیا بھر سے یاتری حسن ابدال پہنچ چکے ہیں جبکہ اندرون ملک بلخصوص سند ھ سے بھی بڑی تعداد میں یاتری ان تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تین روزہ تقریبات 8جون سے 10 جون تک جاری رہیں گی جس دوران یاتری اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں جن کی نگرانی ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت خود کر رہے ہیں ۔گوردوارہ کی جانب جانے والے راستے پر پکٹس قائم کر کے تمام راستوں پر سیکورٹی اداروں کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔جبکہ ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات اور اے سی مجاہد عباس نے بھی گوردوارہ کا دورہ کرتے ہوئے وہاں مہیا کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔

مذہبی تقریبات میں شرکت کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے تین سو سے زاہد بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کیے گئے مگر دونوں ملکوں کے دومیان کشیدہ تعلقات کے باعث بھارت نے یاتریوں کو پاکستان آنے سے روک دیا جس کے بعد صرف 14یاتریوں کا جتھہ سردار سکھ مندر سنگھ کی قیادت میں خصوصی بس کے ذریعے حسن ابدال پہنچ سکا۔ ماضی کے برعکس یاتریوں کی تعداد کم ہونے کے باعث حکومت پاکستان کی جانب سے بھیجی جانے والی خصوصی ٹرین کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔بھارتی جتھہ کے ہمراہ محکمہ متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل بھی حسن ابدال پہنچے جہاں متعلقہ اعلیٰ افسران نے یاتریوں کا پر تپاک استقبال کیا۔تین روزہ تقریبات میں شرکت کے بعد یاتری آج واپس روانہ ہو جائیں گے۔