اقتصادی و سماجی ترقی کیلئے باعزت روزگاری مواقعوں کی فراہمی ضروری ہے، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی

موٹر سائیکل رکشہ حاصل کرنے والوں کو سکول طلباء و طالبات کو مفت پِک اینڈ ڈراپ سہولت فراہم کرنے کی خصوصی تلقین، مقامی صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 9 جون 2017 22:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2017ء) پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا ہے کہ معاشرے کی اقتصادی و سماجی ترقی کیلئے باعزت روزگار کے مواقع یقینی بنانا ضروری ہے، وہ تھانہ بُلہ خان میں پاکستان ہندوکونسل کے زیراہتمام غریب اور مستحق شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے منعقدہ ایک تقریب کے شرکاء سے اظہارِ خیال کررہے تھے، پاکستان ہندوکونسل سے تعلق رکھنے والے وفد کے دیگر اراکین میں چیلارام کیلوانی، راجا اسرمال منگلانی، ہوچندکرمانی، ڈاکٹر دیپک کمار اور سیٹھ سمن داس شامل تھے۔

ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات بالخصوص غریبوں کا خیال رکھے بغیر قومی ترقی کو ممکن نہیں بنایا جاسکتا اور اس سلسلے میں ہرشہری کو آگے بڑھ کر اپنی سماجی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرپاکستان ہندوکونسل کی طرف سے مقامی غریب بیوہ خواتین کی سماجی اقتصادی حالت بہتر بنانے کیلئے سلائی مشینیں اور روزگار اسکیم کے تحت بے روزگار افراد کو موٹرسائیکل رکشے تقسیم کیے گئے۔

بعد ازاں، مقامی صحافیوں سے گفتگو میں ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے آگاہ کیا کہ روزگار اسکیم کے تحت تھانہ بُلہ خان، تھانہ احمد خان، سری، جھمپیر، ٹنڈو محمد خان، کوٹری، ٹنڈو اللہ یار، میرپور خاص،سانگھڑ، پتھیرو (عمرکوٹ) اور مٹھی سے تعلق رکھنے والے بے روزگار شہریوں کو موٹرسائیکل رکشے فراہم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہندوکونسل فروغِ تعلیم کیلئے کوشاں ہے اور یہی وجہ ہے کہ موٹرسائیکل رکشہ حاصل کرنے والوں کو خصوصی تلقین کی گئی ہے کہ وہ اپنے روزگار کے حصول کے ساتھ روزانہ سکول طلباء و طالبات کو مفت پِک اینڈ ڈراپ سہولت مہیا کرکے معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔

ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے روزگار اسکیم کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔