حکومت کی عوام دشمنی اب کھل کر سامنے آ گئی ہے، عوام کو الفاظ کے ہیر پھیر میں الجھایا گیا ،انہیں ریلیف دینے کی بجائے ان پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈال دیا گیا

صوبائی ترجمان عوامی نیشنل پارٹی ہارون بشیر بلور نے صوبائی بجٹ کو عوام دشمن بجٹ قرار دیا

جمعہ 9 جون 2017 21:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جون2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے کہا کہ صوبائی بجٹ کو عوام دشمن بجٹ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت نے عوام کی عوام دشمنی اب کھل کر سامنے آ گئی ہے، عوام کو الفاظ کے ہیر پھیر میں الجھایا گیا اور انہیں ریلیف دینے کی بجائے ان پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈال دیا گیا، انہوں نے کہا کہ غریب صارف کو اس بجٹ میں نظر انداز کر کے بیورکریسی اور امیروں کو ترجیح دی گئی ہے،۔

وہ جمعہ کو جاری کردہ بیان میں اظہار کررہے تھے کہ صوبائی بجٹ وزیر اعلیٰ کے منظور نظر وزراء اور ارکان اسمبلی کیلئے بنایا گیا ہے ،صوبے کے چند حصوں کے علاوہ باقی صوبے کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ،انہوںنے کہا کہ حیران کن بات یہ ہے کہ صوبے میں پچھلے 4سال سے حکومت کی طرف سے لگائی گئی تعلیمی ایمرجنسی کے باوجود گزشتہ سال بجٹ میں اعلان کردہ سکولوں کی تعمیر نہیں کی گئی جبکہ ان کیلئے بجٹ میں رقم بھی مختص کی گئی جو نقصان دہ اور افسوس ناک ہے ،تعلیم کے فروغ کیلئے مفروضوں کو بنیاد بنایا جا رہا ہے، انہوں نے اس امر پر حیرت اور دکھ کا اظہار کیا کہ وزیر خزانہ تعلیم کے بجٹ میں اضافے پر بہت زور دے رہے ہیں تاہم اس بھاری فنڈز کا کیا فائدہ جو بروقت استعمال ہی نہ ہو اور اربوں روپیہ ضائع کر دیا جائے ، انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال کا تعلیمی بجٹ بھی لیپس ہو چکا اسی طرح اس بجٹ میں بھی 127ارب روپے کے تعلیمی بجٹ بھی ضائع کر دیا جائے گا، ۔

(جاری ہے)

ہارون بشیر بلور نے کہا کہ موجودہ حکومت سے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی ، اور اب ٹیکسوں کے ساتھ ساتھ جس حساب سے قرضے لئے گئے ہیں ان کا اثر بھی غریب عوام پر پڑے گا جس سے مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آجائے گا اور اس طوفان کو روکنے کیلئے کوئی بھی میدان میں نہیں ہو گا،انہوں نے کہا کہ حکومتوں کا کام عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور ان کے بنیادی مسائل حل کرنا ہوتا ہے تاہم ہماری صوبائی حکومت نے عوام کی مشکلات و مصائب میں اضافہ کیا۔

متعلقہ عنوان :