یہ ماہ مقدس قرآن کا مہینہ ہے قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں ،تقویٰ اختیار کریں قرآن کے حقوق ادا کریں اس وقت قرآن کا سب سے بڑا حق یہ ہے کہ اس کے نظام کو نافذ کریں

امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی کا جمعہ کے اجتماع سے خطاب

جمعہ 9 جون 2017 15:37

باغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جون2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ یہ ماہ مقدس قرآن کا مہینہ ہے قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں ،تقویٰ اختیار کریں قرآن کے حقوق ادا کریں اس وقت قرآن کا سب سے بڑا حق یہ ہے کہ اس کے نظام کو نافذ کریں اس میںانسانی زندگی کا لائحہ عمل ہے انفرادی اور اجتماعی طور پر اختیار کیا جائے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ کے بعد پاکستان کا قیام اسی ماہ مقدس میں نظریے کی بنیاد پر معروض وجود میں آیا اس ماہ میں خیر اور بھلائی موجود ہے ہزاروں نہیں لاکھوں حفاظ اس ماہ مقد س میں قرآن سناتے اور سنتے ہیں اسے پڑھتے ہیں اور اس پر عمل کرتے ہیں اس ماہ مقدس میں کلمے کی بنیاد پر وجود میں آنے والا پاکستان کشمیریوں ،افغانیوں،فلسطینیوں بلکہ پوری امت کا پشتیبان ہے اسی لیے دشمنوں کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے طاغوتی طاقتیں اس کو کمزور کرنے کے در پہ ہیں حق وباطل کا یہ معرکہ دنیا میں برپا ہے عالمی طاغوتی طاقتیں اسلامی تہذیب اوراقدار کو ختم کر کے لادینیت اور مغربی تہذیب مسلط کرنا چاہتی ہیں پورا مغرب اسلام کے عادلانہ ،منصفانہ اور قرآن کے نظام کے مقابلے میں باطل نظام ہمارے اوپر مسلط کرنے کے لیے سارے وسائل استعمال کررہے ہیں اس میں غیر جانبداری نفاق کی علامت ہے اسلامی تحریکیں پوری دنیا میں اللہ کے نظام کے قیام کی جدوجہد کررہی ہیں جس کی وجہ سے وہ دشمن کا ہدف ہیں انہوں نے کہاکہ رمضان جہاد کا مہینہ ہے بدر سے لے کر قیام پاکستان تک زیادہ معرکے اسی ماہ مقدس میں ہوئے ہیں اور مسلمانوںکوفتح ملی ہے جذبہ جہاد کو بیدار اور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اسی جذبے اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے اپنے گھروں کو قرآن کا مورچہ بنائیں ،قرآن کو پڑھیں،سیکھیں اوراس پر عمل کریں ،انہوں نے کہا کہ روضے میں جس طرح نبی پاک ؐ نے جو احکامات دئیے ہیں ان پر عمل کرتے ہوئے پورے احتساب کے ساتھ روزے رکھے جائے اس ماہ مقدس کی برکات کو سمیٹا جائے اللہ کا زیادہ سے زیادہ قرب حاصل کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ ہمارے گھر کے دوسرے کمرے میں آگ لگی ہوئی ہے اپنی دعائوں میں مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو بھی یاد رکھیں اپنے مال اور جان کے ساتھ ان کی مدد کریں ہندوستان اس ماہ مقدس میں بدترین مظالم ڈھا رہا ہے نمازوں کی اجازت نہیں دے رہا قائدین حریت پابند سلاسل ہیں انہیں عبادت کی اجازت نہیں ہے ان حالات میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔