آزادکشمیر کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں بحالی وتعمیر نو پروگرام کے تحت ہاوسنگ کیش گرانٹ ،تعلیم ،صحت ،گورننس سمیت دیگر شعبوں میں ایرا کے ویژن کے تحت زلزلہ متاثرہ علاقوں میں عالمی معیار کی جدید زلزلہ مزاحم عمارات کی تعمیر سے لیکر عوام کو اُن کی دہلیز تک حکومت کی جانب سے گھروں کی دوبارہ تعمیر کے لئے حکومتی پالیسی کے مطابق چار اقساط میں اُن کی دہلیز پر رقم کی صاف وشفاف طریقے سے فراہمی کی خدمات سیرا کی تاریخ کا روشن باب ہیں

سیکرٹری سیرا سردار محمد فاروق تبسم کی سیرا سیکرٹریٹ اور ڈسٹرکٹ ری کنسٹرکشن یونٹ مظفرآباد کے دفاتر کے مختلف شعبوں کے معائنہ کے موقع پر بات چیت

جمعہ 9 جون 2017 15:37

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جون2017ء) سیکرٹری سیرا سردار محمد فاروق تبسم نے کہاہے کہ آزادکشمیر کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں بحالی وتعمیر نو پروگرام کے تحت ہاوسنگ کیش گرانٹ ،تعلیم ،صحت ،گورننس سمیت دیگر شعبوں میں ایرا کے ویژن کے تحت زلزلہ متاثرہ علاقوں میں عالمی معیار کی جدید زلزلہ مزاحم عمارات کی تعمیر سے لیکر عوام کو اُن کی دہلیز تک حکومت کی جانب سے گھروں کی دوبارہ تعمیر کے لئے حکومتی پالیسی کے مطابق چار اقساط میں اُن کی دہلیز پر رقم کی صاف وشفاف طریقے سے فراہمی کی خدمات سیرا کی تاریخ کا روشن باب ہیں ،آزادکشمیرکے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو پروگرام سے وابستہ ٹیم نے شبانہ روز محنت کرکے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں 12مختلف سیکٹرز میں مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ جو تعمیرات کی ہیں وہ اپنی مثال آپ ہیں ،اورعوام انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار سیکرٹری سیرا سردار محمدفاروق تبسم نے سیرا سیکرٹریٹ اور ڈسٹرکٹ ری کنسٹرکشن یونٹ مظفرآباد کے دفاتر کے مختلف شعبوں کے معائنہ کے دوران کیا ۔سیکرٹری سیرا سردارمحمدفاروق تبسم کے ہمراہ ڈائریکٹر ایڈمن محترمہ ناہیدسرور عباسی ،ڈائریکٹر فنانس وزیر خان مغل،ڈائریکٹر واٹسن و کورآرڈینیشن اکرام الحق ،ڈائریکٹر ایم اینڈای کامران وانی ،ڈپٹی ڈائریکٹر ابرارقیوم ،جواد عمر رشید ،اکاونٹ آفیسراسسٹنٹ ڈائریکٹرزانیب گیلانی ،خواجہ محمدعارف ،جاوید گنائی،شمریز ملک واکاوٹنٹ سرور میر ،دیگر افسران بھی موجود تھے۔

سیکرٹری سیرا سردارمحمدفاروق تبسم نے شعبہ پلاننگ کے دورہ کے دوران عابد غنی میر ڈائریکٹر پلاننگ سے تعمیرنو پروگرام کے تحت زیر تعمیر منصوبوں اورآئندہ مالی سال کے لئے ملنے والے بجٹ سے تعمیر نو منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے مختلف سوالات کرتے ہوئے کہا کہ مختلف منصوبوں کے پی سی ون ریوائز کرنے کیلئے متعلقہ فورم پر بھیجتے ہوئے اس چیز کو مدنظررکھا جائے کہ کس طرح ہم کم وقت میں زیادہ منصوبوں کی تکمیل کرسکتے ہیں ،سیکرٹری سیرا سردارمحمدفاروق تبسم نے لیگل ونگ کے دورہ کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر راجہ مظہر وحید سے زلزلہ متاثرہ علاقوں کے منصوبوں کے حوالے سے مختلف عدالتوں میں تعمیراتی کمپنیوں اورٹھیکیداروں کی جانب سے کئے گئے مقدمات کی تفصیل دریافت کی ،سیکرٹری سیرا نے انجینئرنگ ونگ کے دورہ کے دوران چیف انجینئر سیرا امتیاز احمد بہار ،ایس ای نشاداحمد خان سے مختلف تعمیراتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ لیتے ہوئے کہا کہ انجینئرنگ ونگ ہمارے پروگرام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے یہ جس قد ر فعال ہوگا منصوبوں کی تکمیل اتنی جلد ممکن ہوگی ،میڈیا ونگ کے دورہ کے موقع پر سیکرٹری سیرا نے کہا کہ دورحاضر میں میڈیا کی اہمیت و افادیت سے انکار ممکن نہیں سیراکے میڈیا نے ہمیشہ تعمیر نو پروگرام سے لوگوں کی آگاہی کے لئے فعال کردار ادا کیا ہے ،انہوںنے تعمیر نوپروگرام کی میڈیا کوریج کی تصاویر اورریکارڈ کے معائنہ کے دوران کہاکہ تعمیر نو پروگرام کے لئے یہ ریکارڈ ایک تاریخی حیثیت رکھتا ہے جس کی وقت کے ساتھ ساتھ اہمیت بڑھتی جاتی ہے لہذا اس ریکارڈ کو انتہائی محفوظ کرنے کے اقدامات کئے جائیں ،اس موقع پر سیکرٹری سیرا نے ملازمین کے مختلف مسائل بھی سُنے اوراُنہیں حل کرنے کیلئے ڈائریکٹر ایڈمن کو ہدایات جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :