آزاد کشمیر کے این ٹی ایس ٹیسٹ ڈرامہ، نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں سے دور رکھنے کی سازش ہے، چودھری عبدالمجید

بھمبر واقعہ کے بعد پرویز اشرف و دیگر پارٹی رہنمائوں پر جھوٹی ایف آئی آر درج کر کے حکومت ریاست کے ماحول کو خراب کرنا چاہتی ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 9 جون 2017 15:34

برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2017ء) سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے این ٹی ایس ٹیسٹ ڈرامہ ہے۔پڑھے لکھے نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں سے دور رکھنے کی سازش کی جا رہی ہے۔بھمبر واقعہ کے بعد سابق وزیر حکومت چوہدری پرویز اشرف اور دیگر پارٹی رہنمائوں پر جھوٹی ایف آئی آر درج کر کے حکومت ریاست کے ماحول کو خراب کرنا چاہتی ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔

چوہدری پرویز اشرف ودیگر پر درج کی جانے والی جھوٹی ایف آئی آر فوری طور پر خارج کی جائے بصورت دیگر حکومت کو اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔اوورسیز کشمیریوں کی وطن عزیز کے لئے قربانیاں خراج تحسین کے لائق ہیں ۔دیار غیر میں مزدوری کی غرض سے آنے والے آج برطانیہ کے تمام شعبہ ہائے جات میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں جس پر آزاد کشمیر کے عوام انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

لائن آف کنٹرول پہر بھارتی گولہ باری بھارت کا مجرمانہ فعل ہے ،عالمی برادری فوری طور پر لائن آف کنٹرول پر بھارتی گولہ باری بند کروائے تاکہ معصوم اور نہتے کشمیری اپنی زندگیاں سکون کے ساتھ گزار سکیں۔مقبوضہ وادی میں جاری آزادی کی لہر نے بھارت سرکار کے ہوش آڑا دیے ہیں ،آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے جسے ہر صورت بھارت کو دینا ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیپلز پارٹی برمنگھم کے رہنما چوہدری شبیر کی جانب سے ان کی رہائش گاہ پر دیے گے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔افطار ڈنر میں چوہدری عبدالمجید کے دست راست پیپلز پارٹی حلقہ دو کے بزرگ اور سینئر رہنماچوہدری گلزار احمد،چوہدری فضل احمد،چوہدری اعظم،چوہدری نصرت،چوہدری ظہیر،چوہدری پرویز،چوہدری قاسم مجید،چوہدری جمشیداور چوہدری عباس نے شرکت کی۔

سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے مذید کہا کہ این ٹی ایس ٹیسٹ حکومتی ڈرامے بازی ہے جو زیادہ دیر نہیں چل سکتی ہے۔میرٹ اور سنیارٹی کا قتل عام کرنے کے لئے این ٹی ایس ٹیسٹ کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے تا کہ ن لیگ اپنے چہیتوں کو نواز سکے۔ایڈہاک ملازمین کے تمام تر مطالبات درست اور حکومت فوری طور پر ان کے مطالبات مان کر انہیں باعزت روزگار فراہم کرے۔

بھمبر واقعہ حکومت سازش کا شاخسانہ ہے ،چوہدری پرویز اشرف سمیت پیپلز پارٹی رہنمائوں اور دیگر پر درج ہونے پرچہ فوری طور پر حکومت خارج کرے نہیں تو اس کے بھیانک نتائج حکومت کو اٹھانا ہوں گے۔آزاد کشمیر چراگاہ نہیں ہے اور نہ ہی رائے ونڈ کی ملکیت ہے کہ اس میں ہر کسی کو من مانی کرنے کی اجازت دی جا سکے۔حکومت نواز شریف کی بجائے ریاست کے عوام کا دفاع کرے اور انہیں بنیادی سہولیات سمیت لائن آف کنٹرول کی کشیدہ صورتحال پر متاثرین کنٹرول لائن کو ہر ممکن امداد اور سہولیات فراہم کرے ۔