نواز شریف اور اس کا خاندان رنگے ہاتھوںپکڑا جا چکا ہے، نواز شریف اب کچھ بھی کر لیں بچ نہیں سکتے‘قمر زمان کائرہ

عدلیہ اور جے آئی ٹی کے خلاف اگر کوئی مہم جوئی ہوئی تو اداروں کے ساتھ کھڑے ہوں گے ‘صدر پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کا افطار ڈنر سے خطاب

جمعرات 8 جون 2017 23:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ نواز شریف اور اس کا خاندان رنگے ہاتھوں پکڑا جا چکا ہے، نواز شریف اب کچھ بھی کر لیں بچ نہیں سکتے،نواز شریف تم سپریم کورٹ سے لڑو یا جے آئی ٹی کو بدنام کرو جو مرضی کرو اب نہیں بچو گے۔ان خیالات کاا ظہار قمرزمان کائرہ نے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوںنے کہاکہ ہمارے قائد بلاول بھٹو نے کہہ دیا ہے پیپلز پارٹی اس لڑائی میں آئینی اداروں کا دفاع کرے گی۔اگر عدلیہ اور جے آئی ٹی کے خلاف کوئی مہم جوئی ہوئی تو ان اداروں کے ساتھ کھڑے ہوں گے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر نواز شریف نے اس بار اداروں پر حملہ کیا تو ہم نواز شریف کو پسپا کر دیں گے۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ احتساب کا سامنہ اور اداروں کا ناجائز سلوک تک برداشت کیا ہے۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی نے یہ ادارے بنائے اور ان کیلئے قربانی دی ہے ،ہم نواز شریف کو اپنے خاندان کو احتساب سے بچانے کیلئے ادارے تباہ کرنے نہیں دیں گے،ہم نے ادارے بنائے ہیں ان کا دفاع کرنا بھی جانتے ہیں،ملک کے اداروں کے خلاف شریفوں کا گلو بٹ رویہ برداشت نہیں کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف ہمارا احتساب کیا اب اپنا کروائو ، چیخو مت، سامنا کرو۔ انہوںنے کہاکہ اب شریف خاندان کو دنیا کی کوئی بھی طاقت احتساب سے نہیں بچا سکتی۔