شاہ نورانی کے میلے کے دوران اشیاء خوردنوش کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ غیر معیاری اشیاء کی خریدوفروخت

جمعرات 8 جون 2017 20:16

حب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2017ء) شاہ نورانی کے میلے کے دوران اشیاء خوردنوش کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ غیر معیاری اشیاء کی خریدوفروخت کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے نائب تحصیلدار نے میلے میں لگی ہوئی دکانوں کا معائنہ کیا، تفصیلا ت کے مطا بق کراچی سے ڈھائی سو کلومیٹر دور بلوچستان کے پہاڑوں میں واقع در گا ہ حضرت شاہ نورانی کا تین روزہ سالانہ عرس اور میلہ بدھ کے روز اختتام پذیر ہوگیا،میلے میں ملک بھر سے ہزاروں افراد نے اپنے اہلخانہ سمیت شرکت کی اس دوران کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر خضدار سہیل بلوچ اور اسسٹنٹ کمشنر وڈھ عبدالقدوس اچکزئی نے میلے کے دوران شاہ نورانی میں تعینات فورسز کی مکمل رہنمائی اور سرپرستی کی وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کی خصوصی ہدایت پر اس مرتبہ شاہ نورانی کے عرس اور میلے کے دوران دہشت گردی اور تخریب کاری کی وارداتو ں کو ناکام بنا نے کے لئے ایف سی بلوچستان ،اسپیشل برانچ بلوچستان،لیویز فورس اور بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکاروں کی بڑی تعداد نے میلے کے دنوں میں میلے اور پورے شاہ نورانی کو اپنے حصار میں لے رکھاتھا اور ایف سی لسبیلہ کے کمانڈنٹ کرنل اظہر محمود کی ہدایت پر ایف سی اہلکاروں کی بڑی تعداد وقتا فوقتا میلے کے دوران بازاروں اور شاہ نورانی کے مزار کے اندر اور باہر گشت پر بھی معمور رہی اور امن وامان کی فضاء برقرار رکھنے کے لئے فورسز کے اہلکار فرائض منصبی ادا کرتے رہے دوسری جانب نائب تحصیلدار سارونہ خدا بخش بلوچ نے میلے کے ایام کے دوران شاہ نورانی کے میلے میں روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی فروخت کے لئے سجی ہوئی دکانوں پر فروخت کی جانے والی غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء کی روک تھام کے لئے لیویز فورس اور بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکاروں کی بھاری نفری کے ہمراہ گشت جاری رکھا فورسز کی بھاری نفری کے گشت کے باعث شاہ نورانی کے عرس اور میلے کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

متعلقہ عنوان :