ْاسرائیلی حکومت نے غرب اردن میں یہودی آباد کاری کا غیر مسبوق منصوبہ تیار کرنا شروع کردیا

67 ہزار مکانات تعمیر کرکے تین لاکھ 40 ہزار یہودیوں کو بسایا جائے گا، میڈیا رپورٹ

جمعرات 8 جون 2017 13:43

ْاسرائیلی حکومت نے غرب اردن میں یہودی آباد کاری کا غیر مسبوق منصوبہ ..
مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2017ء) اسرائیلی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں یہودی آباد کاری کے غیر مسبوق منصوبے کی تیاری شروع کی ہے۔ اس منصوبے کے تحت غرب اردن میں 67 ہزار مکانات تیار کرکے ان میں تین لاکھ 40 ہزار یہودیوں کو بسانے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق غرب اردن میں یہودی توسیع پسندی کا یہ وسیع اور غیر مسبوق منصوبہ آباد کاری کونسل کی جانب سے تیار کیا گیا ہے جسے اسرائیل کے ہاؤسنگ کے وزیر نے بھی منظور کرلیا ہے۔اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق غرب اردن میں یہودی آباد کاری کے وسیع منصوبے کا مقصد یہودی آبادی کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ کرتے ہوئے یہودیوں کی آباد ی کو فلسطینی آبادی پرغلبہ دینا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق منصوبے کے مطابق آباد کاری کے مجوزہ منصوبے کو’شرق گوش دان‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت غرب اردن کے مغربی حصے میں تعمیرات کی جائیں گی۔رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ مشرقی قلقیلیہ میں ’کارنی شمرون‘ یہودی کالونی سے شروع ہوگا جو شمال مغربی سلفیت کی اریئیل یہودی کالونی اور مغربی رام اللہ کی ’مودیعین عیلیت‘ کالونی تک پھیلا ہوگا۔

نقشے کے مطابق 67 ہزار مکانات کی تعمیر کا منصوبہ زیرغور ہے جس میں تین لاکھ چالیس ہزار یہودیوں کو آباد کیا جائے گا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’عمیحائی‘ نام سے ایک نئی یہودی کالونی کے قیام کے ساتھ ’عمونا‘ کالونی سے نکالے گئے آباد کاروں کے لیے نئی کالونی بھی اسی منصوبے کا حصہ ہے جس میں ابتدائی طور پر 102 مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔

منصوبے کے مطابق ’معالیہ مخماش‘ میں 8 کثیر المنزلہ عمارتوں میں 48 فلیٹس، مغربی رام اللہ میں ’طلمون‘ میں 98 اور شمال مغربی رام اللہ کی ’حلمیش‘ کالونی میں 56 مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔اسی طرح شمال مشرقی رام اللہ میں ’عوفرا‘ کے نقشے میں تبدیلی، شمالی البیرہ میں ’بساغوت‘ کالونی میں 840، شمال مغربی سلفیت میں اریئیل میں 174 مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔ مشرقی رام اللہ میں معالیہ ادومیم اور مغربی رام اللہ میں کیرم راعیم کالونیوں کو بھی وسعت دی جائے گی۔ہارٹز کی رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کے مطابق 2000 گھروں کی تعمیر کی منظوری دی جاچکی ہے جب کہ 10 ہزار مکانات کی تعمیر کی جلد منظوری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :