پاک فوج نے کامیاب آپریشن کر کے بلوچستان میں بلواسطہ یابلاواسطہ داعش کے کسی منظم ڈھانچے کے قیام کا مؤثر انداز میں انسداد کر دیا

مستونگ میں 10سی15دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر یکم سے تین جون تک آپریشن کیا گیا،کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی العالمی داعش کے لئے مواصلاتی ڈھانچہ فراہم کررہی تھی، 2 خود کش بمباروں سمیت 12خطرناک دہشت گرد مارے گئے، مولانا عبدالغفور حیدر پر خود کش حملہ کرنے والا حملہ آور اسی خفیہ ٹھکانے سے بھجوایا گیا تھا، آئی ایس پی آر نے مستونگ آپریشن کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری کر دیں

جمعرات 8 جون 2017 13:21

پاک فوج نے کامیاب آپریشن کر کے بلوچستان میں بلواسطہ یابلاواسطہ داعش ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2017ء) پاک فوج نے کامیاب آپریشن کر کے بلوچستان میں بلواسطہ یابلاواسطہ داعش کے کسی منظم ڈھانچے کے قیام کا مؤثر انداز میں انسداد کیا ہے ۔ جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے مستونگ آپریشن کے حوالے سے جاری مزید تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں نے مستونگ میں 10سی15دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر یکم سے تین جون تک آپریشن کیا جس کے دوران کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی العالمی کے خفیہ ٹھکانوںکو نشانہ بنایا گیا ۔

اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ کالعدم تنظیم داعش کے لئے مواصلاتی ڈھانچہ فراہم کررہی ہے جس کامقصد داعش کو بلوچستان میں لانا تھا۔

(جاری ہے)

مستونگ کے 10کلومیٹرکے علاقے میں آپریشن یکم جون سے شروع ہوا جو تین دن تک جاری رہا۔ خفیہ ٹھکانوں میں موجود دہشت گردوں نے مزاحمت کی ۔3جون کو کلیئرنس آپریشن مکمل کیا گیا ۔فائرنگ کے تبادلے میں 2 خود کش بمباروں سمیت 12خطرناک دہشت گرد مارے گئے۔

12مئی کو مولانا عبدالغفور حیدر پر خود کش حملہ کرنے والا حملہ آور اسی خفیہ ٹھکانے سے بھجوایا گیا تھا۔ اس آپریشن کے دوران 2افسران سمیت 5سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ آپریشن کے دوران خفیہ ٹھکانوں کے ارد گرد بچھائی گئی بارودی سرنگیں بھی ناکارہ بنائی گئیں۔ اس آپریشن کے دوران 50کلوگرام دھماکہ خیز مواد ، تین خود کش جیکٹس، 18گرنیڈ، 6راکٹ لانچر، 4لائٹ مشین گن، 18 چھوٹی گنیں،4سنائپر رائفلز ، 38 وائرلیس سیٹ اوردیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

اس کامیاب آپریشن کے بعد پاک فوج نے بلوچستان میں بلواسطہ یا بلاواسطہ داعش کے منظم ڈھانچے کے قیام کا مؤثر انداز میں انسداد کیا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مستونگ آپریشن میں سدرن کمانڈ انٹیلی جنس ایجنسیوں اور فوجی جوانوں کی محنت سے کامیاب آپریشن کے لئے کوششوں کو سراہا۔