پاکستان یونائیٹیڈ کرسچن موومنٹ کی چیف جسٹس سے ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے عرفان مسیح کی موت کا از خود نوٹس لینے کے اپیل

بدھ 7 جون 2017 23:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جون2017ء) پاکستان یونائیٹیڈ کرسچن موومنٹ کے چیئرمین البرٹ ڈیوڈ نے عمر کوٹ میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث جاں بحق ہونے والے عرفان مسیح کی موت کو انسانیت کی موت قرار دیتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کے نام کھلا خط لکھتے ہوئے از خود نوٹس لینے کے اپیل کر دی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کے نام لکھے گئے کھلے خط میں البرٹ ڈیوڈ عمر کوٹ میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث عرفان مسیح کی موت کو انسانیت کی موت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے بحیثیت پاکستانی اور انسان ہونے کے ناطے اس واقعے کی وجہ سے شرمندگی اور ذلت محسوس کر رہا ہوں کیونکہ عرفان مسیح کی موت صرف موت نہیں بلکہ یہ انسانیت کی موت ہے ، عرفا ن مسیح کی موت کا ذمہ دار صرف متعلقہ ڈاکٹرز نہیں بلکہ حکومت، ہمارا معاشرہ بھی اس موت کا ذمہ دار ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے چیف جسٹس آف پاکستان سے عرفان مسیح کی موت پر از خود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے اور سینٹری ورکرز کے ایسے کاموں جس کی وجہ سے ان کے دم گھنٹے سے موت واقع ہونے کا اندیشہ ہو فوری طور پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ یہ سینٹری ورکرز ہماری طرح کے انسان ہیں جو گٹر اور نالیوں میں جا کر صفائی ستھرائی کا کام کرتے ہیں اس واقعے کا ذمہ دار سٹی گورنمنٹ ہے اور اس کا کیس سٹی گورنمنٹ کے خلاف درج ہونا چاہئے اور فوری طور پر علاج نہ کرنے والے ڈاکٹر کا لائسنس کینسل کرکے انکوائری کرنی چاہئے ۔۔۔۔(توصیف)