وزیر اطلاعات و نشریات سندھ سے کے یوجے دستور کے وفد کی ملاقات

کے یو جے کے سیکریٹری حامد الرحمٰن نے وزیر اطلاعات و نشریات کو نجی چینلز سے صحافیوں کی برطرفیوں سے آگاہ کیا صحافیوں کی ملازمت کے تحفظ کیلئے قانون سازی کی جائیگی،سید ناصر حسین شاہ

بدھ 7 جون 2017 22:47

وزیر اطلاعات و نشریات سندھ سے کے یوجے دستور کے وفد کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2017ء) کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے وفد نے صدر سید افضال محسن اور سیکریٹری حامد الرحمن کی سربراہی میں وزیر اطلاعات و نشریات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے کراچی پریس کلب میں ملاقات کی۔ وفد میں کے یو جے کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری قاضی محمد یاسر، سینئر صحافی وقار بھٹی، نعیم طاہر اور فیض محمد بلیدی بھی شامل تھے۔

کے یو جے کے سیکریٹری حامد الرحمن نے وزیر اطلاعات و نشریات کو نجی چینلز سے صحافیوں کی برطرفیوں ، واجبات کی عدم ادائیگی اور دیگر اہم معاملات سے آگاہ کیا اورسیکریٹری کے یو جے نے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کی برطرفی کے معاملے کو صوبائی اسمبلی میں اٹھایا جائے، سندھ حکومت اشتہارات کو صحافیوں کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی سے مشروط کرے ، صحافیوں کی ملازمتوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی کرے،زخمی اور بیماریوں کا شکار صحافیوں کے علاج معالجے کے لیے فنڈزبھی مقررکیے جائیں اور کراچی پریس کلب کی خاتون رکن کے علاج کے لیے سندھ حکومت نے وعدہ کیا تھا لیکن رقم اب تک جاری نہیں ہو سکی جبکہ کے یو جے کے رکن کے سرکاری علاج اور امداد کا اعلان بھی کریں۔

(جاری ہے)

سید ناصر حسین شاہ نے اعلان کیا کہ صحافیوں کے سرکاری علاج کے لیے ہیلتھ کارڈ متعارف کرانے کا ارادہ ہے اس بارے میں کے یو جے کے اراکین سے اجلاس کے بعد اعلان کریں گے، انہوں نے کہا کہ دونوں صحافیوں کے سرکاری علاج اور امداد کے لیے سندھ حکومت اپنا کردار ادا کرے گی، سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ صحافیوں کی جبری برطرفیوں سے متعلق کے یو جے کے حالیہ بیانات کا علم ہے اور اس سلسلے میں قانون سازی کا جائزہ لیں گے۔