وزیراعظم نے اپنی ذات او رحکومت بچانے کیلئے پورا ملک دائو پر لگا دیا ہے، ان کی ہدایت پر نہال ہاشمی نے عدالت عظمیٰ اورجے آئی ٹی پرتوہین آمیز اور دھمکی آمیز تقریر کروائی گئی پھر تین دن کی خاموشی کے بعد عدالت عظمیٰ کے نوٹس لینے پر نہال ہاشمی کو پارٹی سے نکال کر سینیٹر استعفیٰ لینے کا ڈرامہ رچایا گیا

پیپلزپارٹی کے سینئررہنما سردار لطیف کھوسہ کا پیپلزلائرزفورم کے مرکزی عہدیدران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 7 جون 2017 21:24

وزیراعظم نے اپنی ذات او رحکومت بچانے کیلئے پورا ملک دائو پر لگا دیا ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جون2017ء) پیپلزپارٹی کے سینئررہنما ،پی ایل ایف کے چیئرمین وسابق گورنرپنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنی ذات او رحکومت کو بچانے کیلئے پورے ملک کو دائو پر لگا دیا ہے۔ نواز شریف کی ہدایت پر نہال ہاشمی نے عدالت عظمیٰ اورجے آئی ٹی پرتوہین آمیز اور دھمکی آمیز تقریر کروائی گئی اور پھر تین دن کی خاموشی کے بعد عدالت عظمیٰ کے نوٹس لینے پر رہنما ہاشمی کو پارٹی سے نکالنے اور نہال ہاشمی سے بطور سینیٹر استعفیٰ لینے کا ڈرامہ رچایا گیا۔

بدھ کو ملتان میں پیپلزلائرزفورم کے مرکزی عہدیدران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردارلطیف کھوسہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آئین کو کھلواڑ بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس دھرتی ما ںکو لوٹنے پر لگے ہوئے ہیں۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ پانامالیکس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ڈان لیکس کے اصل چہرے بے نقاب ہوں گے۔اس موقع پر پی ایل ایف کے مرکزی جنرل سیکرٹری جاوید ہاشمی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ،میڈم بشریٰ نقوی ایڈووکیٹ ، نشید عارف گوندل ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

سردارلطیف کھوسہ کا پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایک عوامی جماعت ہے جس کا ایک نظریہ اور فلسفہ ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی ایک سمندر ہے اس سمندر سے چند قطرے پانی نکلنے سے سمندر کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ تاریخ گواہ ہے کہ جو بھی پاکستان پیپلزپارٹی کو چھوڑ کر گیا وہ ہیرو سے زیرو بنا۔ وہ بے پیندے لوٹے کی طرح اِدھر اُدھر لڑکتے رہتے ہیں۔

ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہوتا اور معاشرے میں بھی ان کی قدر نہیں رہتی اور پارٹی چھوڑنے والوں کو ہمیشہ پچھتانا پڑتا ہے اور ضمیر ان کی ملامت کرتا رہتا ہے۔ پارٹی چھوڑنے والوں کو ہوش کے ناخن لینا چاہئے۔ گمراہ ہونا چھوڑ دیں اور تائب ہو کر واپس پاکستان پیپلزپارٹی میں آجائیں۔ ہمیں یقین ہے کہ آنے والے انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی شاندار کامیابی حاصل کرے گی اور بلاول بھٹو زرداری اس ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملتان تشریف آوری پر خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کی ولولہ انگیز قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ پنجاب کو بالخصوص مرکز نبا کر جس طرح منظم طریقہ سے عوامی رابطہ مہم شروع کی ہے اور جس طرح وہ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کررہے ہیں ہمیں یقین ہے کہ پہلے کی طرح ایک مرتبہ پھر پیپلزپارٹی پنجاب میں مقبول ترین جماعت بن جائے گی۔

پی ایل ایف پاکستان پیپلزپارٹی کے ہر اول دستہ کے طور پر اپنے چیئرمین اور پیپلزپارٹی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور چیئرمین کی ہدایات کی روشنی میں اس ملک کے مظلوم ، محروم ، کچلے ہوئے طبقے کے آئینی ، قانونی ، سماجی حقوق کی لڑائی ہر محاذ پر لڑتے ہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے جھوٹے وعدے کرنے والوں کے جھوٹ کا پول کھل کر سامنے آگیا ہے۔ مہنگائی عروج پر ہے۔ دہشت گردی لاقانونیت کا دور دورہ ہے۔ ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے۔ ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان دنیا بھر میں تنہا رہ گیا ہے۔ آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن کی تمام قیادت منہ چھپاتی پھرے گی۔