حسین نواز کی خود تصویر جاری کر کے واویلا کرنا چور مچائے شور کے مترادف ہے‘میاں محمود الرشید

شریف خاندان کا کبھی احتساب ہوا ہی نہیں، مشرف دور میں احتساب شروع ہونے سے پہلے ہی شریف خاندان ڈیل کر کے جدہ چلا گیا

بدھ 7 جون 2017 20:40

حسین نواز کی خود تصویر جاری کر کے واویلا کرنا چور مچائے شور کے مترادف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2017ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے کہا کہ حسین نواز کی خود تصویر جاری کر کے واویلا کرنا چور مچائے شور کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ واویلا کرنے والوں کو کوئی بتائے تضحیک کی بات حسین کی تصویر نہیں بلکہ کرپشن اور ملک لوٹنے کے الزامات ہیں، حکمران خاندان بار بار گلا پھاڑ کر کہتا رہا ہے کرپشن کی تحقیقات ہونے دیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا اب جب وقت آیا ہے تو ان کے اوسان خطا ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا شریف خاندان کا اگر دامن صاف ہے تو گھبرائیں نہ بلکہ تحقیقات کا سامنا کریں ابھی تو وزیر اعظم اور مریم نواز کی بھی باری آنے والی ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کے بیان پر اپنے ردعمل میں انکا کہنا تھا کہ تصویر میں حسین نواز کرسی پر باعزت تو بیٹھے ہیں ۔

(جاری ہے)

حسین نواز کو کرسی ، سائیڈ ٹیبل ، پنسل ، کاغذ ، فائل سب سہولتیں تو حاصل ہیں، اس پر اعتراض تو ہمارا بنتا ہے کہ مبینہ کرپشن کے سنگین الزامات کی تحقیقات کیلئے ملزم کو اتنی عزت و تکریم کیوں دی گئی، ایک سوال کے جواب میں میاں محمود الر شید نے کہا کہ شریف خاندان کا کبھی احتساب ہوا ہی نہیں، مشرف دور میں احتساب شروع ہونے سے پہلے ہی شریف خاندان ڈیل کر کے جدہ چلا گیا احتساب ہوا ہوتا تو آج سب جیل ہوتے۔

مسلم لیگ ن کی قیادت نے گزشتہ پانچ سال قانون کی بالادستی کی بہت باتیں کیں اب خود قانون کی بالادستی کو ماننے کو تیار نہیں۔

متعلقہ عنوان :