Live Updates

آصف زرداری نے کرپشن کے ایسے سائنسی طریقے ایجاد کئے جو آئن سٹائن بھی نہیں کرسکا،خواجہ سعد رفیق

بدھ 7 جون 2017 16:49

آصف زرداری نے کرپشن کے ایسے سائنسی طریقے ایجاد کئے جو آئن سٹائن بھی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جون2017ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے کرپشن کے سائنسی طریقے ایجاد کئے،عمران خان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) کا کوڑا کرکٹ جمع کرکے نیا پاکستان بنانے چلے ہیں، عمران خان نے سارا سیاسی کلچر بگاڑ دیا ہے، عمران خان آگ سے کھیل رہے ہیں اور جس شاخ پر بیٹھے ہیں اسی کو کاٹ رہے ہیں،عمران خان نے شاہراہ دستور پر پاکستان کا تماشا لگایا، پیپلز پارٹی اپنی سیاسی شناخت برقرار رکھنے کیلئے عمران خان کے راستے پر نکل پڑی ہے،پیپلز پارٹی گالی اور الزام لگا کر اپنی سیاست نہیں بچا سکے گی، اقتدار کی خاطر پاکستان توڑنے والوں نے آج تک قوم سے معافی نہیں مانگی، اپوزیشن کو بجٹ میں تنقید کرنے کیلئے انہیں کچھ نہیں ملا اس لئے وہ شور شرابہ کرنے پر تلے ہوئے ہیںاگر یہ بجٹ میں حصہ نہیں ڈال رہے تو انہیں تنخواہیں اور الائونسز بھی نہیں لینا چاہئیں، پانامہ پیپرز چوری کے کاغذات ہیں جن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں،پوری دنیا میں کہیں بھی پانامہ پیپرز کی جانچ نہیں ہو رہی مگر پاکستان میں منتخب حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی بجٹ قومی دستاویز ہے اور یہ قومی حالات پر اثر انداز ہوتا ہے۔ اپوزیشن نے محض براہ راست تقاریر کے شوق میں بہتر طرز عمل اختیار نہیں کیا۔ ہم نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر پیشکش کی تھی کہ اگر آج کا دن آبرو مندانہ گذار لیں تو ان کو براہ راست تقاریر کا موقع دیا جائے گا۔

مگر صدر مملکت کے خطاب کیلئے بلائے گئے مشترکہ اجلاس کے دوران ساری اپوزیشن پی ٹی آئی کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی تھی۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) تو لڑتے لڑتے سلجھ گئی تھیں مگر عمران خان نے سارا سیاسی کلچر بگاڑ دیا ہے، پیپلز پارٹی جیسی سنجیدہ جماعت بھی آج براہ راست تقریر کرنے پر بضد ہے اور اگر ان کی براہ راست تقاریر نشر نہ ہوں تو ان کی نظر میںبجٹ کی کوئی اہمیت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو بجٹ میں تنقید کرنے کے لئے انہیں کچھ نہیں ملا اس لئے وہ شور شرابہ کرنے پر تلے ہوئے ہیںاگر یہ بجٹ میں حصہ نہیں ڈال رہے تو انہیں تنخواہیں اور الائونسز بھی نہیں لینا چاہئیں،ان کے ایک لیڈر جو چند مرتبہ آئے ہوں گے وہ بھی تنخواہیں اور الائونس لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور وزیراعظم کے بیان پر تنقید ی کی جارہی ہے شہباز شریف نے اپنے نکتہ نظر بیان کیا اگر ہم حکومت میں ہیں تو اسکا مطلب یہ نہیں کہ ہم بول بھی نہیں سکتے، شہباز شریف نے اپنی رائے عدلیہ تک پہنچائی،مسلم لیگ (ن)نے اس ملک کی خدمت کی ہے اس ملک میں جتنے بھی بڑے کام ہوئے ہیں وہ مسلم لیگ (ن)نے کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان آگ سے کھیل رہے ہیں اور جس شاخ پر بیٹھے ہیں اسی کو کاٹ رہے ہیں،ایسا کونسا ادارہ ہے جس پرعمران خان نے تنقید نہیں کی، عمران خان نے پارلیمنٹ اور سرکاری ٹی وی پر حملہ کیا مگر قوم سے معافی بھی نہیں مانگی ،عمران خان نے شاہراہ دستور پر پاکستان کا تماشا لگایا۔سیاستدانوں کو سیاسی تنازعات عدالتوں میں لے کر نہیں جانے چاہئیں۔

عمران خان ہم سے استعفیٰ مانگتے ہیں مگر اپنے استعفے پھینک کر بھاگ گئے تھے ہم ان کو پکڑ کر واپس لائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو کوڑے کرکٹ میں تبدیل کردیا گیا جس کی ذمہ داری زرداری صاحب پر عائد ہوتی ہے۔ پیپلز پارٹی جس طرح ختم ہورہی ہے وہ اپنی سیاسی شناخت برقرار رکھنے کیلئے عمران خان کے راستے پر نکل پڑے ہیں،پیپلز پارٹی گالی اور الزام لگا کر یہ اپنی سیاست نہیں بچا سکیں گے۔

ہماری کوتاہی ہے کہ ہمیں بھی سندھ کے عوام تک اپنی رسائی بڑھانی چاہئے تھی۔انہوں نے کہا کہ تحرک انصاف نے ڈرائی کلینز کی دکان لگائی ہوئی ہے،جو کر پٹ سیاستدان پی ٹی آئی میں جاتا ہے پاک صاف ہو جاتا ہے ، عمران خان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) کا کوڑا کرکٹ جمع کررہے ہیں اور اس کوڑے کرکٹ کے ساتھ نیا پاکستان بنانے چلے ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ قربانیاں نواز شریف نے دی ہیں ہر دور میں نواز شریف کا احتساب کیا گیا، انصاف طلب کرنا ہمارا حق ہے، نواز شریف کا گناہ یہ ہے کہ اس نے امریکہ سمیت کسی کا دبائو برداشت نہیں کیا اور ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔

اس کا گناہ یہ ہے کہ وہ ملک میں سیلولر ٹیکنالوجی لے کے آیا۔ میٹرو، موٹر ویز منصوبے بنائے، مارشل لائوں کی مخالفت کی اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا۔ ہم نے ملک کے عوام کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی پر سب سے پہلے تحریک انصاف اور پیپلز پارتی نے خدشات کا اظہار کیا۔

جب ہم نے جے آئی ٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تو دونوں جماعتیں جے آئی ٹی کے ساتھ کھڑی ہوگئیں ،حسین نواز کی تصویر لیک ہونے کا الزام ہم پر لگایا گیا مگر مسلم لیگ (ن) کو تو جوڈیشل اکیڈمی میں گاڑی تک لے جانے کی اجازت نہیں ہم تصویر کہاں سے باہر نکالیں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم نے عدلیہ کی بحالی کیلئے تحریکیں چلائیں ، ہم نے عدلیہ کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کو خطرہ میں ڈالا۔

نواز شریف منع کرنے کے باوجود گھر سے عدلیہ کی بحالی کے لئے نکلے۔ عمران خان تو بزدلوں کی طرح چھپا ہوا تھا۔ہمارا لانگ مارچ ابھی گوجرانوالہ پہنچا تھا تو گیلانی صاحب نے عدلیہ کی بحالی کا اعلان کردیا اگر ہم گجرات تک پہنچتے تو پنجاب حکومت بھی بحال ہوجاتی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی آواز میں ہماری بھی آواز شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ہمارے کپڑے کھینچ رہا ہے اور کوئی ہمیں گالی دیتا ہے ہم مردود نہیں محبوب ہیں ،پاکستان میں لوگ مارشل لاء کے راستے حکومت میں آئے اور سول مارشل لاء لگایا ،آصف زرداری نے کرپشن کے وہ سائنسی طریقے ایجاد کئے جو آئن سٹائن بھی ایجاد نہیں کرسکا۔

ساری جماعتوں کا سیاسی گند عمران خان کے پاس ہیں اور نیا پاکستان بنانے چلے ہیں۔ عمران خان ہمیں تو عدالتوں میں لے کر جاتا ہے مگر خود احتساب سے بھاگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو دور میں محبان پاکستان کو چن چن کر قتل کیا گیا، تحریک نظام مصطفی میں لوگوں کے سینوں میں گولیاں ماری گئیں۔ وزیراعظم بننے کے لئے ملک دولخت کر دیا، اقتدار کی خاطر پاکستان توڑنے والوں نے آج تک قوم سے معافی نہیں مانگی، انہوں نے کہا کہ پانامہ پیپرز چوری کے کاغذات ہیں جن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں،پوری دنیا میں کہیں بھی پانامہ پیپرز کی جانچ نہیں ہو رہی مگر پاکستان میں منتخب حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے جمہوریت کی بحالی کیلئے جنگ لڑی ہے ہماری حکومت کی کارکردگی سب حکومتوں سے بہتر ہے ہمیں پی ایس ڈی پی 325 ارب روپے کا ملا تھا جو ہم ایک ہزار ارب تک لے گئے ہیں زرداری صاحب جھوٹ بولتے ہیں کہ سی پیک ہم لائے وہ صرف چین آیا جایا کرتے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات