کرنل (ر) حبیب کی گمشدگی میں ’’را‘‘ ملوث ہے، بازیابی کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جانے چاہئیں ،ْ اراکین سینٹ

معاملہ اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف میں لے جایا جائے ،ْسینیٹ میںتحریک التوا پر رحمان ملک، عتیق شیخ، جنرل (ر) عبدالقیوم، سحر کامران اور اعتزاز احسن کا اظہار خیال بھارتی خفیہ ایجنسی کے کرنل (ر) حبیب کی گمشدگی میں ملوث ہونے کے ابھی کوئی ٹھوس شواہد نہیں ملے ،ْعبد القادر بلوچ

بدھ 7 جون 2017 16:46

کرنل (ر) حبیب کی گمشدگی میں ’’را‘‘ ملوث ہے، بازیابی کیلئے سنجیدہ اقدامات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2017ء) اراکین سینٹ نے کہا ہے کہ کرنل (ر) حبیب کی گمشدگی میں ’’را‘‘ ملوث ہے، بازیابی کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جانے چاہئیں، معاملہ اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف میں لے جایا جائے جبکہ وفاقی وزیر ریاستیں و سرحدی علاقہ جات عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی کے کرنل (ر) حبیب کی گمشدگی میں ملوث ہونے کے ابھی کوئی ٹھوس شواہد نہیں ملے۔

بدھ کو ایم کیو ایم پاکستان کے سینیٹر میاں عتیق شیخ کی تحریک التواء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر عبدالرحمان ملک نے کہا کہ یہ انتہائی اہم واقعہ ہے، کرنل (ر) حبیب کی گمشدگی میں بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کا ہاتھ ہے، ان کی بازیابی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جانے چاہئیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر عتیق شیخ نے کہا کہ کرنل (ر) حبیب ملازمت کی تلاش میں تھے، انہیں ’’را‘‘ نے دھوکہ دے کر اپنے جال میں پھنسایا اور اغواء کرلیا۔

سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ کرنل (ر) حبیب کی بازیابی کے لئے کوششیں تیز کی جانی چاہئیں، ان کی گمشدگی ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔ سینیٹر سحر کامران نے کہا کہ پاکستان کو یہ معاملہ اعلیٰ سطح پر اٹھانا چاہئے اور کرنل (ر) حبیب کی بازیابی کے لئے اقدامات کئے جانے چاہئیں، ان کی گمشدگی کا معاملہ اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف میں لے جایا جائے اور انہیں بازیاب کرایا جائے۔

سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ بھارت سے پاکستان آنے والی ڈاکٹر عظمیٰ کو پاکستانی عدالت نے واپس بھیجنے کا حکم دیا لیکن ہم کرنل (ر) حبیب کے معاملہ میں دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان سے تعاون نہیں کیا جا رہا۔ اس سلسلے میں نیپال سے بھی ہمیں وہ تعاون نہیں ملا جو ملنا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ کرنل (ر) حبیب کی بازیابی کے لئے پاکستان کو بھرپور اقدامات کرنے چاہئیں۔

سینیٹر میاں عتیق شیخ کی تحریک التواء پر بحث سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر عبد القادر بلوچ نے کہا کہ دفتر خارجہ اس حوالے سے شواہد اکٹھے کر رہا ہے۔ حکومت پاکستان نے بھارت کی حکومت کے ساتھ بھی معاملہ اٹھایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر شخص کو 100 فیصد یقین ہے کہ کرنل (ر) حبیب کی گمشدگی کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی ہی ہے۔ کرنل (ر) حبیب ملازمت کی تلاش کے لئے نیپال گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ محض قیاس آرائیوں اور اندازوں کی بنیاد پر کوئی معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے جانا ممکن نہیں ہے۔