مقبوضہ کشمیر میںطلبہ وطالبات نے پتھروں سے 8لاکھ قابض بھارتی فوج کو پسپائی پر مجبور کر دیا ہے ‘ان کے ساتھ آزادکشمیر اور پاکستان کی تمام یونیورسٹیز اور کالجز میں طلبہ اظہار یکجہتی کریں ،مقبوضہ کشمیر کے اندر کشمیریوں نے اسلام او ر آزادی کے تصور کے ساتھ جہاد کررہے ہیں

امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر و ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی کا افطارڈنر سے خطاب

بدھ 7 جون 2017 16:18

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جون2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میںطلبہ وطالبات نے پتھروں سے 8لاکھ قابض بھارتی فوج کو پسپائی پر مجبور کر دیا ہے ان کے ساتھ آزادکشمیر اور پاکستان کی تمام یونیورسٹیز اور کالجز میں طلبہ اظہار یکجہتی کریں ،مقبوضہ کشمیر کے اندر کشمیریوں نے اسلام او ر آزادی کے تصور کے ساتھ جہاد کررہے ہیں یہ ایک نظریاتی تحریک ہے جس طرح پاکستان اسلام کے نام پر معروض وجود میں آیا اسی طرح کشمیری بھی آزادی کا مطلب کیا لا الہ اللہ اور پاکستان کا مطلب کیا لا الہ اللہ کے نعرے کے ساتھ میدان کارزار میں ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے جموں وکشمیر اسلامی جمعیت طلبہ کی طرف سے جامعہ کشمیر میں سٹوڈنٹس کونسلز کے اعزاز میںدئیے گئے افطارڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،افطار ڈنر میں گلگت بلتستان سٹوڈنٹ کونسل،خیبر پختوانخواہ سٹوڈنٹ کونسل،ہزارہ سٹوڈنٹ کونسل ،پنجابی سٹوڈنٹ کونسل کے طلبہ نے شرکت کی ،افطار ڈنر سے ناظم جموں وکشمیر اسلامی جمعیت طلبہ راجہ آفتاب،ناظم مظفر آباد شیخ عمر نذیر سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے سٹوڈنٹس کونسلز کے ذمہ داران کو قرآن پاک کے نسخے پیش کیے ،افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے طلبہ کے لیے آزادکشمیر کے تعلیمی اداروں میں ان کی سیٹوں میں اضافہ ہونا چاہیے یہ ان کا حق ہے اس سے دونوں خطوں کے درمیان قربتیں بڑھیں گئیں ،جماعت اسلامی اور جمعیت نے ہمیشہ طلبہ کے مسائل حل کیے ہیں جامعات کو تعلیم کے حصول کے لیے بہترین ماحول فراہم کرنے کے حالات پیدا کیے ہیں آئندہ بھی جامعات میں طلبہ کو مسائل درپیش ہوں تو ہم خدمت کے لیے خاطر ہیں عبدالرشید ترابی نے کہا کہ طلبہ مقبوضہ کشمیر کے حالات کو عوام الناس تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کریں ،مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارت بدترین مظالم ڈھا رہا ہے وہاں پر سوشل میڈیا پر بھی پابندی ہے یہاں کے کالجز اور یونیورسٹیوں کے نوجوان آگے بڑھ کر اپنے بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بے نقاب کریں ،انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ کی حکومت اور پاکستان کی حکومت اپنا مطلوبہ کردار ادا کریں تا کہ آزادی کی اس تحریک کو منزل تک پہنچایا جاسکے مقبوضہ کشمیر کے اندر پاکستانی پرچموں کی بہار ہے شہداء کو بھی پاکستانی پرچموں میں لپیٹ کر دفنایا جا رہا ہے کشمیری پاکستانی عوام اور حکومت سے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں ان کو مایوسی سے بچا کر آزادی کی منزل تک پہنچایا جائے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اسلامی فلاحی معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد کررہی ہے عدل و انصاف پر قائم ہی تا دیر قائم رہ سکتے ہیں اسلام کے عادلانہ اور منصفانہ نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے پاکستان اور آزاد خطے کی آزادی کا مقصد بھی یہی تھا کہ یہاں اسلام کا بول بالا ہو گا اور اسلام کا عادلانہ نظام قائم ہو گا جو تا حال ادھورہ ہے ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ان مقاصد کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں ۔