متحدہ حزب اختلاف کی حکومت کے خلاف پارلیمنٹ ہائوس کے باہر’’عوامی اسمبلی ‘‘ لگ گئی

و زیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے سپریم کورٹ کو دھمکیاں دینے پر مستعفی ہونے کی قرارداد منظور ‘ عدالت عظمیٰ سے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو عدلیہ کی توہین پر اڈیالہ جیل میں ڈالنے کا مطالبہ ‘ عوامی اسمبلی میں ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے،بجلی کے تعطل میں تسلسل پر وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور و زیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

بدھ 7 جون 2017 16:14

متحدہ حزب اختلاف کی حکومت کے خلاف پارلیمنٹ ہائوس کے باہر’’عوامی اسمبلی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جون2017ء) متحدہ حزب اختلاف کی پھر حکومت کے خلاف پارلیمنٹ ہائوس کے باہر’’عوامی اسمبلی ‘‘ لگ گئی ‘ و زیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے سپریم کورٹ کو دھمکیاں دینے پر مستعفی ہونے کی قرارداد کو منظور کرلیا گیا‘ عدالت عظمیٰ سے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو عدلیہ کی توہین کرنے پر اڈیالہ جیل میں ڈالنے کا مطالبہ کر دیا گیا ‘ عوامی اسمبلی میں ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے لگتے رہے۔

بجلی کے تعطل میں تسلسل پر وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور و زیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کر دیا گیا۔ بدھ کو بھی قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر حکومت کے خلاف عوامی اسمبلی لگائی گئی۔

(جاری ہے)

عوامی اسمبلی کا دوسر اجلاس پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی کی صدارت میں ہوا۔

سید خورشید شاہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی ‘ ایم کیو ایم کے رہنما صلاح الدین ‘ جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ ‘ فاٹا کے پارلیمانی لیڈر شاہ جی گل آفریدی ‘ آزاد رکن جمشید دستی سمیت 70 اراکین نے عوامی اسمبلی کے اجلاس میںشرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو سپریم کورٹ کی طرف سے ایک خاندان کے خلاف بندوقیں تانے کے بیان کے حوالے سے مذمتی قرار دااد اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی۔

قرار داد پی پی پی کی خاتون رکن نفیسہ شاہ نے پیش کی۔ قرار داد میں کہا گیا کہ حکومت سیاسی استحکام کو خطرے میں ڈالتے ہوئے اداروں کے ساتھ تصادم کی طرف گامزن ہے۔ اس طرز عمل کے تحت وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے سپریم کورٹ کو دھمکی دیتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ کو بدنام کیا ہے۔ سپریم کورٹ کی توہین درحقیقت جے آئی ٹی پر حملے کے مترادف ہے۔ اس طرح کے بیانات کے ذریعے ریاستی اداروں کی حیثیت کو سوالیہ نشان بنایا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے بیان پر قوم اور اعلیٰ عدلیہ سے غیر مشروط معافی مانگیں۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب پانامہ سکینڈ ل کی تحقیقات پر اثر انداز ہونے کیلئے اپنے عہدوں کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ وزیر اعظم اور و زیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف مستعفی ہوں۔ قرار داد کو اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔ عامر ڈوگر نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف قرار داد پیش کی ۔

بجلی بحران پر قابو پانے میں حکو مت ناکام ہو چکی ہے ۔ قرار داد میں پانی و بجلی کے وزیر اور وزیر مملکت مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا ۔ قرار داد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ ملک میں حکومتی دعوئوں کے مطابق لوڈ شیڈنگ پر قابو نہیںپایا جا سکا۔ بجلی کا تعطل بڑھ رہا ہے کئی علاقوں میں بجلی کی غیر معمولی عدم فراہمی سے پینے کا پانی نایاب ہو رہا ہے۔ ملک کے تمام علاقوں کو بلا امتیاز بجلی فراہم کی جائے۔ قرار داد کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔