کرنل (ر) حبیب کی بازیابی کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جانے چاہئیں، معاملہ اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف میں لے جایا جائے

سینیٹ میںتحریک التوا پر رحمان ملک، عتیق شیخ، جنرل (ر) عبدالقیوم، سحر کامران اور اعتزاز احسن کا اظہار خیال

بدھ 7 جون 2017 15:03

کرنل (ر) حبیب کی بازیابی کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جانے چاہئیں، معاملہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2017ء) سینیٹ کے ارکان نے کہا ہے کہ کرنل (ر) حبیب کی گمشدگی میں ’’را‘‘ ملوث ہے، ان کی بازیابی کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جانے چاہئیں، معاملہ اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف میں لے جایا جائے۔ بدھ کو ایوان بالا میں سینیٹر میاں عتیق شیخ کی تحریک التواء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر عبدالرحمان ملک نے کہا کہ یہ انتہائی اہم واقعہ ہے، کرنل (ر) حبیب کی گمشدگی میں بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کا ہاتھ ہے، ان کی بازیابی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جانے چاہئیں۔

سینیٹر عتیق شیخ نے کہا کہ کرنل (ر) حبیب ملازمت کی تلاش میں تھے، انہیں ’’را‘‘ نے دھوکہ دے کر اپنے جال میں پھنسایا اور اغواء کرلیا۔ سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ کرنل (ر) حبیب کی بازیابی کے لئے کوششیں تیز کی جانی چاہئیں، ان کی گمشدگی ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر سحر کامران نے کہا کہ پاکستان کو یہ معاملہ اعلیٰ سطح پر اٹھانا چاہئے اور کرنل (ر) حبیب کی بازیابی کے لئے اقدامات کئے جانے چاہئیں، ان کی گمشدگی کا معاملہ اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف میں لے جایا جائے اور انہیں بازیاب کرایا جائے۔

سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ بھارت سے پاکستان آنے والی ڈاکٹر عظمیٰ کو پاکستانی عدالت نے واپس بھیجنے کا حکم دیا لیکن ہم کرنل (ر) حبیب کے معاملہ میں دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان سے تعاون نہیں کیا جا رہا۔ اس سلسلے میں نیپال سے بھی ہمیں وہ تعاون نہیں ملا جو ملنا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ کرنل (ر) حبیب کی بازیابی کے لئے پاکستان کو بھرپور اقدامات کرنے چاہئیں۔