پنجگور کے علاقے کوہ سبز میں لاپتہ ہونے والے 2 افراد بھوک پیاس کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے

دونوں افراد کے پاس موجود کھانے پینے کی اشیاء جلد ہی ختم ہوگئیں ،ْ آس پاس آبادی کا کوئی نام و نشان بھی نہ تھا ،ْ ذرائع جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت ظہور احمد اور شیر علی کے ناموں سے ہوئی

بدھ 7 جون 2017 12:45

پنجگور کے علاقے کوہ سبز میں لاپتہ ہونے والے 2 افراد بھوک پیاس کی تاب ..
گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2017ء) پاک ایران سرحد کے قریب ضلع پنجگور کے علاقے کوہ سبز میں لاپتہ ہونے والے 2 افراد بھوک پیاس کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔نجی ٹی وی کے مطابق یہ دونوں افراد، جن میں سے ایک مزدور اور ایک ڈرائیور تھا ،ْپاک ایران سرحدی علاقے میں واقع گاؤں سے ایرانی تیل کی فروخت کیلئے اپنے پک اًپ ٹرک میں روانہ ہوئے تھے تاہم واپسی میں یہ افراد راستہ بھٹک گئے اور ان کی گاڑی میں بھی کوئی خرابی ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق ان دونوں افراد کے پاس موجود کھانے پینے کی اشیاء جلد ہی ختم ہوگئیں جبکہ آس پاس آبادی کا کوئی نام و نشان بھی نہ تھا۔اس غیر آباد علاقے میں چند راہ گیروں نے ان دونوں افراد کی نشاندہی کی اور مقامی انتظامیہ کو مطلع کیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اطلاع موصول ہونے کے بعد لیویز فورس کے اہلکار مذکورہ علاقے میں پہنچے اور دونوں افراد کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم اس وقت تک ایک شخص ہلاک ہوچکا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ہسپتال منتقلی کے وقت دوسرا شخص زندہ تھا تاہم اس کی حالت انتہائی تشویش ناک تھی اور وہ بھی دوران علاج چل بسا۔ہسپتال ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات سے نجی ٹی وی کو آگاہ کرتے ہوئے لیویز فورس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ان دونوں افراد کی موت کی وجہ جسم میں پانی کی کمی بتائی گئی۔جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت ظہور احمد اور شیر علی کے ناموں سے ہوئی، لاشوں کو قانونی اور میڈیکل تقاضے پورے کرنے کے بعد ان کے ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :