سستے رمضان بازاروں پر عوامی اعتماد ان کی کامیابی کی واضح دلیل ہے،ڈویژنل کمشنر

منگل 6 جون 2017 23:23

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2017ء)ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے کہا ہے کہ سستے رمضان بازاروں پر عوامی اعتماد ان کی کامیابی کی واضح دلیل ہے لہٰذا ڈیوٹی افسران صاف ستھری اور معیاری اشیاء ضروریہ ہی ہمہ وقت دستیاب رکھیں۔اس ضمن میں صارفین کو کسی قسم کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے یہ بات اکبر چوک گلستان کالونی کے رمضان بازار میں مختلف سٹالز پر اشیاء کا معیار چیک کرتے ہوئے کہی۔

اسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مہر شفقت اللہ مشتاق اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے پھلوں کے سٹال پر سیب کی کوالٹی چیک کی اور ہدایت کی کہ صاف ستھرے اور معیاری پھل ہی فروخت کیلئے موجود ہونے چاہیں۔انہوں نے سستے آٹے اور سستی چینی کے سٹالز بھی چیک کئے اور سیل ریکارڈ کاجائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ رمضان پیکج پر شفاف انداز میں عملدرآمد کویقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ طلب کی کچن آئٹمز کی سپلائی میں تعطل نہیں آناچاہیے۔انہوں نے خریداری میں مصروف شہریوں سے اشیاء کی دستیابی اور معیار کے بارے میں دریافت کیاتو انہیں مطمئن پایا۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں اشیاء کے اعلیٰ معیار کے ساتھ ساتھ بہترین سروس ڈلیوری پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔