حکومت مستحقین کی مالی امداد کرکے ان کے دکھوں اور پریشانیوں کا ازالہ کررہی ہے، ممبر بیت المال کونسل

منگل 6 جون 2017 23:23

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2017ء)ممبرقومی اسمبلی و ممبر پنجاب بیت المال کونسل بیگم خالدہ منصور نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت مستحقین مالی امداد کرکے ان کے دکھوں اور پریشانیوں کا ازالہ کررہی ہے ۔ رمضان المبارک ہمیں محبت بھائی چارے روا داری اور صلہ رحمی کا درس دیتا ہے لہذامخیر حضرات کو بھی چاہئے کہ وہ بیوائوں ‘ یتیموں ‘ ضرورتمندوں کی دل کھول کر مدد کریں ۔

ان کا خیال اظہار انہوں نے پنجاب بیت المال کونسل کی طرف سے ایک سو سے زائد مستحق خواتین میں لاکھوں روپے کے چیکس تقسیم کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مرکزی صدر کلاتھ بورڈ انجمن تاجران نصیر یوسف وہرہ ‘ پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد سرور بٹ ‘ ممبرز میونسپل کارپوریشن نگہت سہوترا ‘ نصرت کموکا و دیگر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

بیگم خالدہ منصور نے کہا کہ 9 ارب کا تاریخی رمضان پیکیج خادم پنجاب کا عوام دوست اقدام ہے ،صوبہ بھر کے صارفین کی بڑی تعداد رمضان بازاروں میں خصوصی سبسڈی کے تحت دستیاب آٹا‘ چینی‘ پھل سبزیاں اور دیگر اشیائے خورد و نوش خرید رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرنے میں ہمہ وقت کوشاں ہے اورکسی کو عوامی خدمت کے سفر میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے ۔وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی و خوشحالی کی منزل کی جانب ٹیک آف کر چکا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا چار سالہ دور شفافیت، دیانت، امانت اور محنت سے عبارت ہے اورترقیاتی منصوبوں کو رفتار اور معیار کے ساتھ مکمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کا تاریخی بجٹ صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کی نوید ہے اور آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم635ارب روپے رکھا گیا ہے جو صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پروگرام ہے۔پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے اربوں روپے کے وسائل مختص کیے ہیں ۔ تعلیم ،صحت ، زراعت،پینے کے صاف پانی اورسوشل سیکٹر کیلئے ریکارڈ فنڈز رکھے گئے ہیں ۔پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدر آمد سے صوبے میں ترقی و خوشحالی کا دوردورہ ہوگا اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں کومکمل کر کے عوام کی زندگیوں میں نکھار لائیں گے۔