فلڈ فائٹنگ پلان کو فوری طور پر حتمی شکل دی جائے، کمشنر

منگل 6 جون 2017 23:22

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2017ء)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں ‘ انتظامی افسران اور محکمہ انہار کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ ٹیکنیکل اورپریکٹیکل ایشو کو پیش نظر رکھتے ہو ئے فلڈ فائٹنگ پلان کو فوری طور پر حتمی شکل دی جائے، انہوں نے کہا کہ گذشتہ سالوں کے تجربات اور خامیوں کے پیش نظر بہترین حکمت عملی و ضع کی جائے‘ مشینری فنکشنل رکھی جائے اور اپنی متعلقہ ضروریات پی ڈی ایم اے کے نوٹس میں لائی جائیں وہ اپنے دفتر میں متوقع سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

ڈپٹی کمشنر گوجر انوالہ محمد عامر جان بھی اجلاس میں شریک تھے جبکہ دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے دفتر میں ویڈیو لنک سے منسلک تھے، کمشنر نے کہا کہ 15 جون سے سیلاب کا موسم شروع ہو جاتا ہے اس حوالے سے کابینہ کمیٹی اور پی ڈی ایم اے کے اجلاس بھی ہو رہے ہیں جس میں ہرضلع کی چیک لسٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ تمام اضلاع کی سپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق اپنی خامیوں اور کمزوریوں پر قابو پایا جائے۔

اس کے لئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ انہار کو مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہو ںنے کہا کہ محکمہ صحت اور لائیوسٹاک کے ریلیف کیمپوں میں سانپ کے کاٹے کی ویکسیئن اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جبکہ لائیو سٹاک اور ریسکیو کیمپوں میں ونڈہ اور چارہ بھی تقسیم کرنے کے انتظامات ہوناضروری ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز فوری طو رپر لائیو سٹاک‘ محکمہ صحت ‘ اور ریسکیو کے افسران و اہلکاران کی ڈیوٹیاں لگائیں او رانہیںذمہ داریاں سو نپیں۔

انہو ںنے کہا کہ ندی نالوں میں پانی کے بہائو میں رکاوٹوں کو فوری دور کرنے کے اقدامات کئے جائیں شہروں میں ڈسپوزل سٹیشنزکی فعالیت میں بھی مزید بہتری لائی جائے۔ انہو ںنے کہا کہ حفاظتی بندوں میں شگاف کی بھرائی کے لئے فوری طورپر کاروائی کے لئے آرمی کے جوانوں کے ساتھ ساتھ محکمہ انہار کے افسران و اہلکاران کو بھی موقع پر موجود ہونا چا ہیئے۔

انہو ںنے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں دریائوں ‘ نہروں‘ بر ساتی نالوں کے بندوں اور حفاظتی پشتوں کا معائنہ کریں تاکہ برساتی نالوں کے ارد گرد ناجائز تجاوزات کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے قبل تمام برساتی نالوں کی بھل صفائی کے موثر انتظامات ہونا چاہیئیں، محکمہ انہار کے افسران نے کمشنر کو بتایا کہ تمام تحصیلوں کے سیلابی علاقوں نالہ ہسری اور نالہ لڑھکی میں پانی کے بہائو کی گجائش 5 ہزار کیوسک سے بڑھا کر7000 کیوسک تک کر دی گئی ہے اب تحصیل کامونکی میں سیلاب کا خطرہ نہیں ہوگا،ڈپٹی کمشنر محمد عامر جان نے بتایاکہ ضلع میں فلڈ ریلیف اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کئے جا چکے ہیں ضلعی سطح پر کنٹرول سنٹرکا نمبر 9200033 ہے جبکہ دیگر تحصیلوں کامونکی ‘ وزیر آباد ‘ صدر ‘ سٹی اور نوشہرہ ورکاں میں بھی فلڈ ریلیف سنٹر قائم کئے جا چکے ہیں۔