عوام کی پانامیوں ، سونامیوں سے ہمیشہ کیلئے جان چھڑائیں گے ‘ بلاول بھٹو زرداری

چھوڑ کر جانے والوں کی پریشانی نہیں ، احتساب شروع تو ہوا ہے دیکھتے ہیں تخت رائے ونڈ کا احتساب ہوتا ہے یا نہیں معاملہ یہ نہیں کہ میں کیا چاہتا ہوں معاملہ یہ ہے کہ قانون کیا چاہتا ہے ،جو بھی ہو قانون کے مطابق ہونا چاہیے ‘ صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

منگل 6 جون 2017 22:06

عوام کی پانامیوں ، سونامیوں سے ہمیشہ کیلئے جان چھڑائیں گے ‘ بلاول بھٹو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کی پانامیوں اور سونامیوں سے ہمیشہ کے لئے جان چھڑائیں گے ،چھوڑ کر جانے والوں کی پریشانی نہیں جیالے ہمارے ساتھ ہیں، احتساب شروع تو ہوا ہے دیکھتے ہیں تخت رائے ونڈ کا احتساب ہوتا ہے یا نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے بلاول ہائوس لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ نواز شریف قانون کی حکمرانی اور اقدارکا درس دیتے رہے ہیں اور انہوں نے گزشتہ پانچ سالوں رول آف لا ء کی بہت باتیں کی ہیں۔پاناما کیس اور جے آئی ٹی کی کارروائی قانون کی حکمرانی کا بھی امتحان ہے ۔احتساب شروع تو ہوا دیکھتے ہیں تخت رائے ونڈ کا احتساب ہوتا ہے یا نہیں کیونکہ ماضی میں ان کا احتساب نہیں ہوا اورہم تاریخ دیکھتے ہیں یہ سبق ملتا ہے کہ شریف خاندان کاکبھی احتساب نہیںہوا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جن کو جے آئی ٹی میں بلایا جارہا ہے ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ۔انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ معاملہ یہ نہیں کہ میں کیا چاہتا ہوں معاملہ یہ ہے کہ قانون کیا چاہتا ہے ،جو بھی ہو قانون کے مطابق ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ انشا اللہ پیپلز پارٹی عوام کی پانامیوں اور سونامیوں سے سے ہمیشہ کے لئے جان چھڑائے گی ۔انہوںنے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کی تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں چھوڑ کر جانے والوں کی کوئی پریشانی نہیں ،جیالے ہمارے ساتھ ہیں اور ہمارے لئے جیالوں کا پیار زیادہ اہم ہے ۔

انہوںنے کہاکہ میری طاقت پارٹی کے جیالے اور عوام ہیں اور ہم مل کر لڑیں گے ۔یہ دوبارہ ثابت ہورہا ہے کہ دوسروں کیلئے گڑھے کھودنے والے خود ہی اس میں گرتے ہیں ۔اس موقع پر بلاول بھٹو نے ہر میز پر جا کر جیالوں سے ملاقات کی اور بعد ازاں ان کے ساتھ افطاری کی ۔