چیئرمین سینٹ نے کالعدم تنظیموں کی فیس بک استعمال کرنے پر تحریک التوا مسترد کر دی

فیس بک اور تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال پر توجہ دلاو نوٹس پہلے ہی موجود ہے ،میاں رضا ربانی

منگل 6 جون 2017 21:39

چیئرمین سینٹ نے کالعدم تنظیموں کی فیس بک استعمال کرنے پر تحریک التوا ..
اسلام آؓ باد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2017ء) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے پاکستان میں کالعدم تنظیموں کی جانب سے فیس بک استعمال کرنے کے حوالے سے تحریک التوا مسترد کر دی اور کہا کہ اس معاملے پر پہلے ہی توجہ دلاو نوٹس موجود ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے حوالے سے تحریک التواء کو توجہ دلاو نوٹس کے ساتھ کلب کردیا، منگل کو سینٹ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر کریم احمد خواجہ نے تحریک التوا ء پیش کرتے ہوئے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ پاکستان کی 64 میں سے 41 کالعدم تنظیمیں فیس بک پر کام کررہی ہیں،یہ اہم نوعیت کا معاملہ ہے ایوان بالا میں فوری بحث کروائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی دہشت گردی کا شکار ہے،چئیرمین سینیٹ نے بحث کے لیے پیش کی گئی تحریک التوا مسترد کردی اور کہا کہ کالعدم تنظیموں کی طرف سے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق سینیٹر طاہر مشہدی کا پہلے بھی توجہ دلاؤ نوٹس موجود ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے سینیٹر سراج الحق نے لاہور کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال سے متعلق تحریک التوا ایوان میں پیش کی اور کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں کے تحفظ میں ناکام ہو گئی ،تعلیمی اداروں میں روزانہ تیس لاکھ روپے کی منشیات استعمال ہو رہی ،منشیات کے عادی افراد کی تعداد پینسٹھ لاکھ تک پہنچ چکی ہے ،یہ قومی مسئلہ بن گیا ہے،چئیرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے حوالے سے بھی توجہ دلاو نوٹس موجود ہے اس لئے تحریک التوا ء کو سنیٹر طاہر مشہدی کے توجہ دلاو نوٹس کے ساتھ کلب کر دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :