رمضان کے دوسرے عشرہ میں ڈاکٹر عافیہ کی جلد رہائی اور وطن واپسی کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام جاری رکھا جائے، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

منگل 6 جون 2017 20:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2017ء) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے رمضان المبارک کے پہلے ’’عشرہ رحمت‘‘میں ڈاکٹر عافیہ کو دعائوں میں خصوصی طور پر یاد رکھنے پر تمام اہل وطن اور ائمہ کرام کا شکریہ ادا کیا اور اپیل کی کہ دوسرے ’’ عشرہ مغفرت‘‘ میں بھی ڈاکٹر عافیہ کی جلد رہائی اور وطن واپسی کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام جاری رکھا جائے۔

اللہ تعالیٰ تمام بھائیوں اور بہنوں کو اجرعظیم عطا فرمائے۔ عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ گھرگھرسے خطوط اور سوشل میڈیا کے توسط سے ڈاکٹر عافیہ سے اظہاریکجہتی کیا جارہا ہے اور جو خصوصی دعائیں کی گئی وہ اس بات کی ضامن ہے کہ عافیہ لوگوں کے دلوں میں بستی ہے۔

(جاری ہے)

وہ ایک معصوم اور عظیم پاکستانی شہری ہے جو اقوام عالم میں پاکستان کوتعلیمی انقلاب کے ذریعے باوقار اور ترقی یافتہ دیکھنا چاہتی تھی۔

اگر اس کے تعلیمی مشن کو روکا نہ گیا ہوتا تو آج 14 سال کے بعد قوم اس تعلیمی انقلاب کے ثمرات سے مستفیذ ہورہی ہوتی۔ ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ عافیہ کو غیروں کے ہاتھوں قید کروا کے اس کی روح کو قید نہیں کیا جاسکتا۔ عوام کے دل عافیہ کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔عافیہ پر 14 سالوں میں مظالم کی انتہا کردی گئی ہے۔ عافیہ کو واپس لائو کہیں دکھی بیٹی کی آہیں... بیٹی کو بیچنے ، دھوکہ دینے اور جھوٹے وعدے کرنے والوں کے گھروں تک نہ پہنچ جائے۔ ہر پاکستانی شہری کو تحفظ فراہم کرنا حکومت اور ریاستی اداروں کا اولین آئینی فریضہ ہے۔ حکومت پاکستان کو عافیہ کی وطن واپسی کیلئے اپنا فرض ادا کرنا چاہئے۔#

متعلقہ عنوان :