حکومت پنجاب کی کارکردگی پر عالمی بینک کی رپورٹ بڑا اعزاز ہے،چوہدری افتخار احمد وارثی

منگل 6 جون 2017 19:38

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2017ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری افتخار احمد وارثی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی کارکردگی پر عالمی بینک کی رپورٹ ہمارا بڑا اعزاز ہے ․ اپنے سیاسی مفادات کی عینک لگا کر عوام کو گمراہ کرنے والے اپوزیشن راہنمائوں کو چائییے کہ وہ ورلڈ بینک کی یہ رپورٹ بھی ضرور پڑھیں ․ انہوں نے یہ بات اپنے حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے عوامی وفود اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ․ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک نے حکومت پنجاب کی کارکردگی کو سب سے بہترین قرار دیا اور ٹایکس وصولیوں کے نظام میںاصلاحات کی تعریف کی ہے جبکہ نوجوانوں کیلئے مثالی اقدامات کی سراہتے ہوئے عالمی بینک نے دیگر صوبوں سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں حکومت پنجاب کی تقلید کریں ․ افتخار احمد وارثی نے کہا کہ یہ سارا کریڈٹ پنجاب کے انتھک وزیر اعلی میاں محمد شہباز شریف کو جاتا ہے جنہوں نے عوامی مسائل کے حل کیلئے دن رات ایک کر رکھا ہے ․ انہو ںنے کہا کہ تبدیلی صرف نعروں سے نہیں آتی بلکہ عملی کام سے آتی ہے اور عوام کو پتہ چل چکا ہے کہ اپوزیشن بالخصوص تحریک انصاف کی رکاوٹوں اور مخالفتوں کے باوجود ہماری حکومت نے عوام کے مسائل حل کئے ہیں ۔