ریاستی دہشت گردی اوراوچھے ہتھکنڈوںسے کشمیر ی قوم کو جبراًہندوستانی نہیں بنایا جاسکتا، سید علی گیلانی

کشمیری حریت پسند قیادت کو تفتیش کی آڑ میں ہراساں کیا جانا قابل مذمت ہے ، اگر کشمیر ی عوام کو طاقت کے زور پر خاموش کرنے کی کارروائیوں کا سلسلہ ختم نہ کیا گیاتو حالات ہزار سال تک پُرامن نہیں ہونگے،بیان

منگل 6 جون 2017 18:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارت کے بدنامِ زمانہ تفتیشی ادارے این آئی اے کی طرف سے کشمیر کی حریت پسند قیادت کو تفتیش کی آڑ میں ہراساں وپریشان کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 70سال سے جاری ریاستی دہشت گردی کی طرح ان اوچھے ہتھکنڈوںسے بھی کشمیر ی قوم کو جبراً ہندوستانی نہیں بنایا جاسکتا اور نہ اس کو رواں تحریکِ آزادی سے دستبردار کیا جاسکتا ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ حریت رہنمائوں الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ اور معراج الدین کلوال کی رہائش گاہوں پردن بھر تلاشی کارروائی کے بعد سوائے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور رہائشی مکانات کے دستاویزات کے سوا کچھ برآمد نہ ہونے کے باوجود این آئی اے پراسرار خاموشی اختیار کرکے اپنی خفت مٹانے میں لگی ہے جبکہ بھارتی میڈیا میں کشمیر کی حریت قیادت کو بدنام کرنے اور تحریکِ آزادی میں اپنا سب کچھ قربان کر نے والی کشمیری قوم کو پاکستانی ایجنٹ قراردینے کی مہم شروع کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان چھاپہ مار کارروائیوں کو کشمیر کی تحریکِ آزادی کے خلاف بھارتی حکومت کی فاشسٹ ذہنیت کا ایک اور ناکام حملہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور ہندو انتہا پسند رہنمامتنازعہ جموں وکشمیر کو نام نہاد اکھنڈ بھارت میں ضم کرنے کے لیے گزشتہ تین برسوں سے کشمیر میںخونین کھیل کھیل رہے ہیں اور اس کھیل میں ناکامی کے بعد اب ایک منصوبہ بند طریقے سے کشمیر کی متحدہ مزاحمتی قیادت کی اعتباریت کو ہدف بناکر ایک اور گندہ کھیل شروع کیا گیا ہے جو ہر صوت اس ظالم وجابر ہندوتوا سامراج کی ناکامی پر منتج ہوگا۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ اگر کشمیر ی عوام کو طاقت کے زور پر خاموش کرنے کی کارروائیوں کا سلسلہ ختم نہ کیا گیاتو کشمیر کے حالات ایک سال تو کیا ہزار سال تک پُرامن نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ فارمولے یعنی رائے شماری کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک یہ حق اہل کشمیر کو نہیں دیا جاتا ہے کشمیر کی تحریکِ آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت دبا نہیں سکے گی۔

متعلقہ عنوان :