علامہ اقبال کی140ویں یوم پیدائش کے موقع پر مختلف علمی وادبی سرگرمیاں ترتیب دی جائیں،مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی

منگل 6 جون 2017 16:51

علامہ اقبال کی140ویں یوم پیدائش کے موقع پر مختلف علمی وادبی سرگرمیاں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2017ء) مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے اقبال اکادمی پاکستان کو ہدایت کی ہے کہ شاعر مشرق علامہ اقبال کی140ویں یوم پیدائش کے موقع پر مختلف علمی وادبی سرگرمیاں ترتیب دی جائیں اور اس موقع کو فکر اقبال کی ترویج کے طورپر منایا جائے۔ اقبال اکادمی پاکستان کے اجلاس کی منگل کو صدارت کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہاکہ نومبر میں علامہ اقبال کے ایک سو چالیسویں یوم پیدائش کو قومی جذبے سے منانے کے لئے تقریبات کی تفصیلات مرتب کرکے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں۔

انہوں نے یوم اقبال کی تقاریب کے دوران بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کی بھی ہدایت کی جس میں دنیا بھر سے اقبال شناس اور فکر اقبال پر تحقیق کرنے والی نامور شخصیات کو مدعو کیاجائے تاکہ عصر حاضر میں فکر اقبال سے راہنمائی حاصل کرتے ہوئے درپیش چیلنجز کے حل کے لئے حکمت عملی وضع کی جاسکے۔

(جاری ہے)

مشیر وزیراعظم نے کہاکہ علامہ اقبال کے افکار اور شخصیت کے حوالے سے کتب کی نمائش، مذاکرے، سیمینار اور مشاعرے منعقد کئے جائیں اور منتخب کتب کے ڈی لکس نمبر شائع کرنے کا بھی خصوصی اہتمام کیاجائے۔

عرفان صدیقی نے کہاکہ علامہ اقبال کا پیغام نوجوان نسل اور بچوں تک پہنچانے کے لئے خصوصی کتب کی اشاعت کا بھی جائزہ لیاجائے اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے پیغام اقبال بچوں تک پہنچانے کے لئے امکانات کا جائزہ لیاجائے تاکہ تاریخ پاکستان، افکار اقبال اور ان کی عظیم شخصیت سے نوجوان نسل پوری طرح سے آگاہ ہو۔ اس موقع پر مشیر وزیراعظم کو اکادمی کی جانب سے علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر مجوزہ تقریبات اور منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میںوفاقی سیکریٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویڑن انجینئر عامر احسن، اقبال اکادمی پاکستان کے نائب صدرڈاکٹر منیب اقبال، ادارہ فروغ قومی زبان کے سربراہ افتخار عارف، جوائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :