تیسری سیاسی قوت سامنے لانے کیلئے عید کے بعد اہم اعلان کیا جائیگا، پرویز مشرف اور صاحبزادہ حامد رضا کی ملاقات

دبئی میں ہونیوالی ملاقات میں ملکی حالات اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ،گرینڈ الائنس کے قیام کیلئے مشاورت کی گئی

منگل 6 جون 2017 16:32

تیسری سیاسی قوت سامنے لانے کیلئے عید کے بعد اہم اعلان کیا جائیگا، پرویز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2017ء) تیسری سیاسی قوت سامنے لانے کیلئے عید کے بعد اہم اعلان کیا جائے گا، گرینڈ الائنس کے کا قیام ملک و قوم کی ضرورت ہے، اپوریشن جماعتوں کا اتحاد حکمران جماعت کی سیاسی موت ثابت ہو گا،گرینڈ الائنس کیلئے چاروں صوبوں ، گلگت اور آزاد کشمیر میں تمام چھوٹی و بڑی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ رابطے کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا اور سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف نے دبئی میں ملاقات کے دوران باہمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف نے صاحبزادہ حامد رضا کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا۔ اس موقع پر ملکی حالات اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور گرینڈ الائنس کے قیام کیلئے مشاورت کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کرپٹ حکمران جے آئی ٹی کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کرکے احتساب سے بچ نہیں سکتے۔ پاناما کیس حکمرانوں کے گلے کا طوق بن چکا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرکے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ جنرل(ر) پرویز مشرف نے کہا کہ تیسری سیاسی قوت کا سامنے آنا ملک کے مفاد میں ہے۔ پاکستان کو بھارتی حکمرانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے والے دلیر وزیر اعظم کی ضرورت ہے۔نواز شریف کا بھارت کیلئے نرم گوشہ ملکی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔

متعلقہ عنوان :