شامی باغیوں نے دمشق کے مشرق میں اسدی فوج کا طیارہ مار گرایا،ملبے کی تصاویر جاری

شامی فوج کے جیٹ کو تل دکوہ میں مار گرایا، طیارے کے پائلٹ کی تلاش میں ہیں،ترجمان باغی گروپ

منگل 6 جون 2017 16:03

شامی باغیوں نے دمشق کے مشرق میں اسدی فوج کا طیارہ مار گرایا،ملبے کی ..
دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2017ء) شامی باغیوں نے دمشق کے مشرق میں اسدی فوج کا طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق سے پچاس کلومیٹر مشرق میں واقع علاقے البادیہ میں باغیوں نے اسدی فوج کے ایک لڑاکا طیارے کو مار گرایا ہے۔جیش الحر میں شامل مغرب کے حمایت یافتہ ایک باغی گروپ اسود الشرقیہ کے ترجمان سعد الحاج نے بتایا کہ شامی فوج کے جیٹ کو دمشق کے دیہی علاقے تل دکوہ میں مار گرانے کا دعوی کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم اس طیارے کے پائلٹ کی تلاش میں ہیں۔

اس باغی گروپ نے ٹویٹر پر اپنے اکانٹ پر تباہ شدہ شامی طیارے کی تصاویر بھی جاری ہیں۔ شامی فوج نے فوری طور پر اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔مغرب کے حمایت یافتہ ایک اور باغی گروپ احمد عبدہ شہدا گروپ کے ایک عہدہ دار سعید سیف نے بھی شامی فوج کے لڑاکا طیارے کو مار گرائے جانے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ یہ تل دکوہ اور دمیر ائیرپورٹ کے درمیان واقع بیرقصاب سے پندرہ کلومیٹر مشرق میں گر کر تباہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے بھی اس اطلاع کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ایک باغی گروپ نے اس طیارے کو مار گرایا ہے لیکن یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ اس طیارے کا پائیلٹ زندہ ہے یا مر گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :