قطر اور ہمسایہ ممالک مذاکرات سے تنازع حل کریں، ایران

ایرانی وزیر خارجہ کا ترکی، انڈونیشیا، عراق اور عمان کے وزرائے خارجہ کو ٹیلی فون ،حالات پر تبا دلہ خیال

منگل 6 جون 2017 14:43

قطر اور ہمسایہ ممالک مذاکرات سے تنازع حل کریں، ایران
تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2017ء) ایران نے قطر اور سعودی عرب سمیت دیگر ہمسایہ مسلم ممالک پر زور دیا ہے کہ اپنے اختلافات کو بات چیت سے حل کریں۔ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ قطر کے معاملے میں ہمسایہ ممالک مذاکراتی عمل شروع کریں تاکہ اختلافی امور کا کوئی حل تلاش کیا جا سکے۔جواد ظریف کا کہنا تھا کہ پڑوسی مستقل ہوتے ہیں اور سرحدیں بھی تبدیل نہیں جاسکتیں، تو ایسے میں دھونس دھمکی کوئی حل نہیں، بالخصوص رمضان کے مقدس مہینے میں بات چیت وقت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ایرانی وزیر خارجہ نے اس صورت حال پر ترکی، انڈونیشیا، عراق اور عمان کے وزرائے خارجہ کو ٹیلی فون کر کے تازہ علاقائی تبدیلیوں پر گفتگو بھی کی۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام غثامی نے اپنے بیان میں کہا کہ دنیا میں دہشت گردی اور انتہا پسندی بڑھ رہی ہے، ایسے میں خطے میں بڑھتی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں اور سب کو نقصان پہنچے گا۔واضح رہے کہ سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات، مصر، یمن، لیبیا اور مالدیپ نے دہشت گردی کی حمایت جاری رکھنے پر قطر کے ساتھ ہر قسم کے سفارتی روابط کو اچانک ختم کردیے ہیں۔