سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل میمن کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست مسترد

منگل 6 جون 2017 14:23

سندھ ہائی کورٹ  نے شرجیل میمن کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2017ء) سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل میمن کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں سابق صوبائی وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرنے اور انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی درخواست کی سماعت ہوئی جس میں شرجیل میمن کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ شرجیل میمن علاج کے لیے بیرونِ ملک جانا چاہتے ہیں انہیں ایک دفعہ ملک سے باہرجانے کی اجازت دی جائے ۔

نیب کی جانب سے درخواست کی مخالفت پرچیف جسٹس احمد علی شیخ نے استفسارکیا کہ شرجیل میمن کتنے ریفرنسز میں نامزد ہیں۔ جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ شرجیل میمن پونے 6ارب روپے کی کرپشن ، زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں ملوث ہیں، جس کی تحقیقات بھی جاری ہیں، اس وجہ سے وہ ملک سے فرارہونا چاہتے ہیں، ایسی صورت میں شرجیل میمن کا نام ای سی ایل سے خارج نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے کی جانب سے بھی درخواست کی مخالفت میں کہا گیا کہ وفاقی تحقیقاتی آئینی اور قانونی طور پر وزارت داخلہ کے حکم ماننے کی پابند ہے، شرجیل میمن کا نام وزارتِ داخلہ کے حکم پرای سی ایل میں شامل کیا گیا۔ جس پر شرجیل میمن کے وکیل نے کہا کہ شرجیل انعام میمن پرجو الزامات ہیں ان میں شریک ملزم انعام اکبر بھی کئی بارملک سے باہر گئے ہیں تو پھر انہیں جانے کی اجازت کیوں نہیں دی جارہی۔سندھ ہائی کورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شرجیل میمن کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے سے متعلق درخواست مسترد کردی۔

متعلقہ عنوان :