شامی باغیوں نے دمشق کے مشرق میں اسدی فوج کا طیارہ مار گرایا

ایک باغی گروپ نے شامی طیارے کو مارگرایا،طیارے کا پائیلٹ زندہ ہے یا مر گیا یہ پتہ نہیں چل سکا،شامی آبزویٹری

منگل 6 جون 2017 13:44

شامی باغیوں نے دمشق کے مشرق میں اسدی فوج کا طیارہ مار گرایا
دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2017ء) شام کے دارالحکومت دمشق سے پچاس کلومیٹر مشرق میں واقع علاقے البادیہ میں باغیوں نے اسدی فوج کے ایک لڑاکا طیارے کو مار گرایا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جیش الحر میں شامل مغرب کے حمایت یافتہ ایک باغی گروپ اسود الشرقیہ کے ترجمان سعد الحاج نے برطانوی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے شامی فوج کے جیٹ کو دمشق کے دیہی علاقے تل دکوہ میں مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم اس طیارے کے پائیلٹ کی تلاش میں ہیں۔

(جاری ہے)

اس باغی گروپ نے ٹویٹر پر اپنے اکاؤنٹ پر تباہ شدہ شامی طیارے کی تصاویر بھی جاری ہیں۔ شامی فوج نے فوری طور پر اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔مغرب کے حمایت یافتہ ایک اور باغی گروپ احمد عبدہ شہداء گروپ کے ایک عہدہ دار سعید سیف نے بھی شامی فوج کے لڑاکا طیارے کو مار گرائے جانے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ یہ تل دکوہ اور دمیر ائیرپورٹ کے درمیان واقع بیرقصاب سے پندرہ کلومیٹر مشرق میں گر کر تباہ ہوا ہے۔برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے بھی اس اطلاع کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ایک باغی گروپ نے اس طیارے کو مار گرایا ہے لیکن یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ اس طیارے کا پائیلٹ زندہ ہے یا مر گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :